ممبئی ۔ 29 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ایم سی پی کے صدر شرد پوار نے آج کہا کہ وہ ماضی میں کانگریس کا حصہ رہی۔ سیاسی جماعتوں کے ساتھ ’جنتا پریوار‘ کے خطوط پر اتحاد کے ذریعہ متحدہ محاذ تشکیل دینے کے نظریہ پر کھلا ذہن رکھتے ہیں تاکہ یہ محاذ بی جے پی اور شیوسینا کے زعفرانی اتحاد کا مقابلہ کرسکے، لیکن یہ کام ان کی پارٹی (ایم سی پی) کی شناخت کی قیمت پر نہیں کیا جاسکتا۔ سابق مرکزی وزیر زراعت شردپوار جنہوں نے یو پی اے دورحکومت میں حصول اراضی بل کا مسودہ تیار کرنے والے پیانل کی قیادت کی تھی۔ نریندر مودی حکومت کی اراضی بل کی موجودہ شکل میں راجیہ سبھا میں تائید کے کسی امکان کو مسترد کردیا۔ کانگریس سے علحدہ ہونے والی جماعتوں کے دوبارہ اتحاد کے امکان سے متعلق ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ سینا ۔ بی جے پی کیخلاف جدوجہد کے ترقی پسند نظریات کے تحت تمام جماعتوں کے اتحاد کی ایسی کوئی تجویز آتی ہے تو ہم اس پر سنجیدہ غور کرسکتے ہیں لیکن اس کا مطلب ہرگز یہ نہیں کہ ہم خود اپنی جماعت کی شناخت کھو دیں گے۔