کانگریس سے ربط والی پارٹیوں سے کوئی اتحاد نہیں ہوگا: بی جے پی

چینائی۔/25فبروری، ( سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی جو دراصل ماقبل انتخابات ایکٹر سے سیاستداں بنے وجے کانت کی ڈی ایم ڈی کے پارٹی کے ساتھ مفاہمت کیلئے کوشاں ہے، نے واضح طور پر کہا کہ وہ ان پارٹیوں کے ساتھ کوئی سیاسی اتحاد کرنا نہیں چاہتی جو پہلے سے ہی کانگریس کے ساتھ ربط میں ہیں۔ سینئر پارٹی لیڈر اور تملناڈو امور کے انچارج مرلیدھر راؤ نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی ایسی کسی بھی سیاسی پارٹی کے ساتھ مفاہمت نہیں کرے گی جو پہلے سے ہی کانگریس کے ساتھ ربط میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی ڈی ایم ڈی کے، ایم ڈی ایم کے اور پی ایم کے کے علاوہ دیگر چھوٹی موٹی سیاسی پارٹیوں کے ساتھ ربط میںہے ۔

میرا مطلب سوشیل میڈیا، جرنلسٹس نہیں: شنڈے
شولاپور( مہاراشٹرا ) ۔/25فبروری، ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر داخلہ سشیل کمار شنڈے نے الیکٹرانک میڈیا کو کچل دینے کے اپنے بیان سے مکرتے ہوئے ادعاء کیا کہ انہوں نے دراصل سوشیل میڈیا کو کچلنے کی بات کہی تھا نا کہ صحافیوں کو۔ گزشتہ شب ایک بیان دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کے پاس ان کی تقریروں کی ریکارڈنگ موجود ہوتی ہے۔ انہوں نے سوشیل میڈیا اور کرناٹک و حیدرآباد میں شمال مشرقی علاقوں کے طلباء کے خلاف تشدد پر اپنا بیان دیا تھا۔ انہوں نے صحافت کے بارے میں کچھ بھی نہیں کہا۔ یاد رہے کہ شنڈے نے اتوار کے روز یہ کہہ کر ایک تنازعہ پیدا کردیا تھا کہ الیکٹرانک میڈیا کانگریس کے خلاف جھوٹا پروپگنڈہ کررہا ہے اور ا س طرح کانگریس کو غیر ضروری طور پر مشتعل کیا جارہا ہے۔ لہذا وہ الیکٹرانک میڈیا کو کچل کر رکھ دیں گے۔ شنڈے شولا پور سے لوک سبھا ایم پی ہیں، انہوں نے الزام عائد کیا کہ گذشتہ چار ماہ سے الیکٹرانک میڈیا ان کے اور کانگریس کے خلاف محاذ آرائی کررہا ہے۔ شنڈے کے ریمارکس اور ان کی وضاحت کے ویڈیو فوٹیج کو نیوز چینلز کے ذریعہ ٹیلی کاسٹ کیا گیا۔