’’ کانگریس سے تلگودیشم کی مفاہمت پر پھانسی پر لٹک جاؤں گا ‘‘

اتحاد کے خلاف اے پی کے ڈپٹی چیف منسٹر کے ای کرشنا مورتی کا سخت ترین موقف
امراوتی۔/6جون، ( پی ٹی آئی ) آندھرا پردیش کے ڈپٹی چیف منسٹر اور تلگودیشم کے سینئر لیڈر کے ای کرشنا مورتی نے تلگودیشم اور کانگریس کے مابین امکانی اتحاد و مفاہمت کے امکان کے خلاف انتہائی سخت گیر موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ ان دونوں جماعتوں کے مابین مفاہمت کی صورت میں وہ ’’ خود کو پھانسی پر لٹکا لیں گے ‘‘۔ کرشنا مورتی نے اپنے پیدائشی ضلع کرنول میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’ کانگریس کے ساتھ تلگودیشم کی مفاہمت کا کوئی سوال ہی پیدا نہیں ہوتا اور اگر ایسا ہوگا تو میں خود کو پھانسی پر لٹکانے تیار ہوں ‘‘ انہوں نے یہاں تک کہہ دیا کہ وہ پارٹی کی طرف سے ہی کہہ رہے ہیں یہ ان کا انفرادی یا شخصی نظریہ نہیں ہے۔ کرشنا مورتی نے یہ ریمارک ایک ایسے وقت کیا ہے جب کانگریس کے صدر راہول گاندھی سے حال ہی میں آندھرا پردیش کے چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو کی ملاقات کے بعد کانگریس سے مفاہمت کے لئے تلگودیشم کی تیاری اس ریاست میں ایک اہم سیاسی موضوع بحث بنی ہوئی ہے۔ چند تلگودیشم قائدین نے یہاں تک کہہ دیا کہ کانگریس نے وعدہ کیا ہے کہ 2019 میں مرکز میں برسراقتدار آنے کی صورت میں آندھرا پردیش کو خصوصی موقف فراہم کرے گی۔چنانچہ اس مفاہمت سے پارٹی کو کوئی نقصان نہیں ہوگا۔کرناٹک کے چیف منسٹر ایچ ڈی کمارا سوامی نے ایک نیوز میگزین کو انٹرویو دیتے ہوئے کہاتھا کہ انہوں نے نائیڈو اور مغربی بنگال کی چیف منسٹرممتا بنرجی جیسے دیگر قائدین سے کہا ہے کہ وہ کانگریس کے ساتھ مفاہمت کریں۔