کانگریس دَور کے ترقیاتی کاموں کو مکمل کرنے کا مطالبہ

سدرشن ریڈی کی ٹی آر ایس میں شمولیت کی افواہیں مسترد، بودھن میں کانگریس قائدین کا بیان
بودھن /3 اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) آئی بی گیسٹ ہاؤس میں حلقہ اسمبلی بودھن سے تعلق رکھنے والے کانگریس کے سینئر قائدین کی جانب سے طلب کردہ پریس کانفرنس سے سابق چیرمین مارکٹ کمیٹی بودھن و رکن بلدیہ جناب محمد عابد علی سیٹھ نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سابق ریاستی وزیر پی سدرشن ریڈی کے دور اقتدار میں بودھن تا نظام آباد سڑک کی توسیع کا کام انجام دیا گیا اور حلقہ اسمبلی بودھن کے تمام دیہی علاقوں کے علاوہ بودھن شہر کے عوام کو محفوظ پینے کے پانی کی مؤثر سربراہی کے لئے انتظامات کئے گئے۔ اس کے علاوہ حلقہ اسمبلی بودھن میں ترقیاتی کاموں کو انجام دینے کروڑہا روپیوں پر مبنی تجاویز کی حکومت سے منظوری حاصل کی گئی۔ انھوں نے کہا کہ نئی ٹی آر ایس حکومت کی ذمہ داری ہے کہ کانگریس دور حکومت میں منظورہ کاموں کو پایہ تکمیل تک پہنچائے اور عوام کو درپیش مسائل کی یکسوئی کرے۔ ضلع نظام آباد ڈی سی سی بینک کے چیرمین گنگادھر راؤ پٹواری نے کہا کہ ٹی آر ایس کے قائدین اپنی ڈرامہ بازی بند کرتے ہوئے حلقہ اسمبلی بودھن میں جاری ترقیاتی کاموں پر اپنی توجہ مرکوز کریں۔ انھوں نے کہا کہ ٹی آر ایس کے بعض گوشوں سے سابق ریاستی وزیر پی سدرشن ریڈی کی کردار کشی کی جا رہی ہے اور ان کے بارے میں یہ افواہیں پھیلائی جا رہی ہے کہ وہ بہت جلد ٹی آر ایس میں شامل ہونے والے ہیں۔ چیرمین ڈی سی سی بی نے کہا کہ گزشتہ روز سابق ریاستی وزیر سدرشن ریڈی نے اپنی سالگرہ تقریب کے دوران پارٹی کارکنوں سے ان کے خلاف پھیلائی جانے والی افواہوں پر توجہ نہ دینے کی خواہش کی اور کہا کہ ایک قومی سیاسی جماعت سے ان کا تقریباً 30 سال سے تعلق ہے، لہذا اس جماعت کو چھوڑکر نومولود علاقائی جماعت ٹی آر ایس میں شمولیت کی بعض ناقص العقل قائدین افواہیں پھیلا رہے ہیں۔ ان افواہوں پر توجہ نہ دینے چیرمین ڈی سی سی بی نے حلقہ اسمبلی بودھن کے عوام سے خواہش کی۔ اس پریس کانفرنس سے گنگا شنکر صدر منڈل پرجا پریشد نے بھی مخاطب کیا۔ اس موقع پر حلقہ اسمبلی بودھن کے تمام چار زیڈ پی ٹی سیز اور ایم پی ٹی سیز کے علاوہ کانگریس کے سرپنچ، سابق چیرمین مارکٹ کمیٹی پاشاہ محی الدین، ارکان بلدیہ سید رفیع الدین رفاعی، وکیل چاؤش، سابق رکن بلدیہ شیخ وحید، صدر منڈل کانگریس گنپت ریڈی، گنا پرساد، ایلیا یادو، بیرکور بجی اور دیگر کانگریس قائدین بھی موجود تھے۔