کانگریس داخلی جمہوریت کے تحفظ میں ناکام

آزادی کے فوری بعد برسر اقتدار آنے والی جماعت ایک خاندان پر مرکوز : امیت شاہ
گاندھی نگر ۔ 14 ۔ جولائی : ( سیاست ڈاٹ کام ) : بی جے پی کے صدر امیت شاہ نے کانگریس اور گاندھی ۔ نہرو خاندان پر سخت تنقیدی حملہ کرتے ہوئے آج کہا کہ جو پارٹی اندرونی جمہوریت قائم کرنے میں ناکام ہوجاتی ہے وہ کبھی بھی ہندوستانی جمہوریت کا تحفظ نہیں کرسکتی ۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم نریندر مودی کی قیادت میں 2014 کے دوران بی جے پی کے برسر اقتدار آنے سے قبل ہندوستان معاشی ترقی ، زراعت اور سماجی شعبوں کے بشمول اکثر شعبوں میں دیگر ممالک سے پیچھے تھا ۔ تاہم گذشتہ چار سال کے دوران حالات میں قابل لحاظ بہتری ہوئی ہے ۔ امیت شاہ نے جو یہاں کرناوتی یونیورسٹی میں منعقدہ ’ یوتھ پارلیمنٹ ‘ سے خطاب کررہے تھے ۔ مزید کہا کہ ’ 2014 سے قبل ایک مخصوص جماعت ہی آزادی کے بعد طویل عرصہ تک اقتدار پر فائز رہی ہے ۔ لیکن جس انداز میں اس کی حکومتوں نے کام کیا تھا ۔ اس میں آبادی کا ایک بڑا حصہ ترقی سے محروم رہا تھا ۔ انہوں نے کانگریس کا نام لیے بغیر کہا کہ عوام میں یہ احساس پیدا ہوگیا تھا کہ آزادی سے انہیں کوئی فائدہ نہیں پہونچا ہے ‘ ۔ انہوں نے مرکز میں بی جے پی کے زیر قیادت حکومت کی کامیابیوں کا حوالہ دیا ۔ امیت شاہ نے کہا کہ ’ آزادی کے فوری بعد اقتدار پر فائز ہونے والی پارٹی نے داخلی جمہوریت کو ختم کردیا اور محض ایک خاندان پر مرکوز ہوگئی جو پارٹی خود اپنی داخلی جمہوریت کا تحفظ نہیں کر سکی وہ کبھی بھی ملک کی جمہوریت کا تحفظ نہیں کرسکتی ‘ ۔