کانگریس حکومت میں ہی ترقیاتی کاموں کی انجام دہی

موضع پلکل میں دامودر راج نرسمہا کا خطاب

سنگاریڈی۔/20اپریل، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سابق ڈپٹی چیف منسٹر دامودر راج نرسمہا امیدوار کانگریس حلقہ اسمبلی اندول نے پلکل منڈل کے موضع چکریال، وینڈی کول، شیری رام ریڈی گوڑا، بھدری گوڑا، سراپ پلی میں انتخابی مہم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹی آر ایس اور ٹی ڈی پی کے قائدین عہدوں کیلئے سیاسی جماعتوں میں راتوں رات شمولیت اختیار کررہے ہیں۔ انہوں نے بابو موہن ٹی آر ایس امیدوار پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ تلگودیشم سے حصول عہدہ کیلئے ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کی۔دامودر راج نرسمہا نے کہا کہ ریاست تلنگانہ کا قیام صرف اور صرف سونیا گاندھی کی کوششوں کی وجہ سے ممکن ہوا ہے۔ کانگریس دور اقتدار میں ریاست میں کئی فلاح و بہبود اور ترقیاتی کام انجام دیئے گئے جن کے ثمرات سے عوام کو مستفید کروایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ دوبارہ اقتدار میں آنے کے بعد سماج کے تمام طبقات کی ہمہ جہت ترقی کو یقینی بنایا جائے گا۔ دامودر راج نرسمہا امیدوار کانگریس حلقہ اسمبلی اندول نے کہاکہ کانگریس دور حکومت میں انجام دیئے گئے ترقیاتی کاموں سے عوام بخوبی واقف ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کانگریس کے حق میں بھاری اکثریت سے ووٹ دیں۔ اس موقع پر رام ریڈی ڈائرکٹر ڈی سی سی بی، کرشنا صدر سرپنچ فورم، ملپادرگاریڈی، راملو، لکشمیا، وینکٹ ریڈی و دیگر موجود تھے۔