نئی دہلی ۔ 27 اگست (سیاست ڈاٹ کام) بہار اسمبلی کے ضمی انتخابی نتائج آر جے ڈی ۔ جے ڈی یو ۔ کانگریس اتحاد کے حق میں ظاہر ہونے کے بعد کانگریس نے آج کہا کہ جہاں کہی ضرورت ہو پارٹی سیکولر طاقتوں کے ساتھ ہاتھ ملانے کیلئے تیار ہے۔ پارٹی ترجمان راجیو گوڑا نے کہا کہ کئی سال قبل کانگریس نے شملہ میں اتحاد کی بات کی تھی اور یہ پالیسی ہنوز برقرار ہے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں کہیں ضرورت ہوگی پارٹی دیگر سیکولر طاقتوں سے اتحاد کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ بہار کے انتخابی نتائج محض سیکولر ووٹوں کی تقسیم نہ ہونے کا نتیجہ ہے۔ بی جے پی کو لوک سبھا انتخابات کے 3 ماہ میں ضمنی انتخابی نتائج کے ذریعہ زبردست دھکہ پہنچا۔