کانگریس بی جے پی قائدین کی کردارکشی میں ملوث : بی جے پی

منگلور ۔ 11 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی نے آج کانگریس پر الزام عائد کیا کہ وہ بی جے پی لیڈر ان کی مبینہ کردارکشی کررہی ہے جبکہ لوک سبھا انتخابات سے قبل ایسا کرنا ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔ بی جے پی کے ضلع صدر پرتاپ سنہا نائیک نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس مختلف فرقوں میں پھوٹ ڈالنے کی کوشش کررہی ہے اور بی جے پی لیڈروں کی کردارکشی بھی کررہی ہے۔ لہٰذا بی جے پی اب خاموش تماشائی بن کر نہیں بیٹھے گی بلکہ وہ اس کی شکایت الیکشن کمیشن سے کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ بدبختی کی بات تو یہ ہیکہ ہمیں ایک ایسی پارٹی کو یہ کہنے پر مجبور ہونا پڑرہا ہے جو زائد از سو سال پرانی ہے کہ وہ کم سے کم الیکشن کے دوران تو کچھ اسپورٹس مین شپ کا مظاہرہ کرے۔

جنتادل (سیکولر) کے انتخابی منشور کی اجرائی
بنگلور ۔ 11 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) جے ڈی (ایس) کے جاری کردہ انتخابی منشور میں بین ریاستی دریا کے پانی کی تقسیم اور اور دیہی ہندوستان سے مربوط پالیسیوں اور کرناٹک ریاست کے مفاد پر زائد توجہ مبذول کرنے کا وعدہ کیا گیا ہے کیونکہ اب تک دیگر قومی پارٹیاں کرناٹک کے مفاد کا تحفظ کرنے میں ناکام ہوگئی ہیں۔ منشور میں کہا گیا ہیکہ کانگریس اور بی جے پی کے منتخبہ نمائندے پانی کی تقسیم کے معاملہ میں کرناٹک کو اس کا حصہ ملنے کے موضوع اور دیگر وسائل کے حصول کیلئے مرکزی حکومت سے کوئی مطالبہ نہ کرتے ہوئے خاموش تماشائی بنے رہے۔ منشور میں آگے چل کر یہ بھی کہا گیا ہیکہ کانگریس اور بی جے پی دونوں ہی پارٹیاں ریاست کرناٹک کے مفاد کا تحفظ کرنے میں ناکام ہیں کیونکہ وہ صرف اپنی سیاسی بقاء کیلئے کام کررہی ہیں اور اپنی اپنی پارٹی کو مزید استحکام بخشنا چاہتی ہیں۔ جنتادل (سیکولر) کا انتخابی منشور آج ایک پریس کانفرنس کے دوران پارٹی سربراہ ایچ ڈی دیوے گوڑا کے ہاتھوں جاری کیا گیا۔