ٹیپوسلطان جینتی تقاریب کے انعقاد پر وزیراعظم مودی کی بالواسطہ تنقید
چترادرگ ۔6 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیراعظم نریندر مودی نے کانگریس پر سماج کی تقسیم کیلئے اپنی سازشوں کے حصہ کے طور پر تاریخ مسخ کرنے کا آج الزام عائد کیا اور ووٹ بینک سیاست کی خاطر ’’ بادشاہوں کی جینتیاں‘‘ منانے کرناٹک کی سدارامیا حکومت کی مذمت کی ۔ مودی دراصل 18ویں صدی کے میسور کے افسانوی حکمراں ٹیپو سلطان کی یاد میں حکومت کرناٹک کی طرف سے ہر سال 10 نومبر کو ’’ٹیپو جینتی‘‘ تقاریب منانے سدارامیا حکومت کے متنازعہ فیصلہ کا حوالہ دے رہے تھے ۔ وزیراعظم نے یہاں ایک انتخابی ریالی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس کا کردار تو دیکھئے ‘ پورے احترام کے ساتھ کس کی جینتی منانے کی ضرورت ہے ۔ نسل درنسل ہم کس سے درس و امنگ حاصل کررہے ہیں ۔ وہ ( کانگریس ) ان کی جینتیاں منانے کے بارے میں نہیں سوچتے ۔ مودی نے کہا کہ ’’ ویرا مداکری اور اونکے اوباوا کو بھول گئے ہیں اور ووٹ بینک سیاست کیلئے وہ بادشاہوں کی جینتیاں منارہے ہیں‘‘ دلت خاتون اونکے اوباوا چترادرگ آخر حکمراں میدا کاری نائیکی کی فوج کے ایک سپاہی کی مثالی بیوی تھی جس 1779ء میں ٹیپو سلطان کے والد حیدر علی کی فوج میں شامل سپاہیوں سے بہادری کے ساتھ اس مقام پر لڑتی ہوئی ہلاک ہوگئی تھی ‘ جہاں اس کا شوہر سپاہی پہرہ دے رہا تھا ۔ مودی نے کہا کہ اب جینتی کو مناتے ہوئے کانگریس کرناٹک اور چتردرگ کی توہین کررہی ہے ۔