کانگریس باتیں نہیں کام کرتی ہے، راہول کا وشواس کو جواب

امیٹھی۔ 22 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) اب جبکہ عام آدمی پارٹی لیڈر کمار وشواس انہیں کھلا چیلنج کررہے ہیں، راہول گاندھی نے آج کہا کہ کانگریس باتیں نہیں بلکہ کام کرتی ہے اور ایک خیرسگالانہ اقدام میں ایک بوڑھی خاتون کو اپنے دورہ کے دوران اپنی کار میں اپنے بازو بیٹھنے کی دعوت دی۔ راہول کا عام آدمی پارٹی پر بالواسطہ طنز اس پس منظر میں ہیکہ وشواس نے نائب صدر کانگریس پر اپنے حملہ میں تیزی پیدا کرتے ہوئے کہا ہیکہ وہ یہاں ’’سیاسی تفریح‘‘ پر آئے ہیں اور عوام کی ’’تکلیف‘‘ بانٹنے نہیں۔ وشواس آنے والے لوک سبھا انتخابات میں امیٹھی سے انتخاب لڑنے کا امکان ہے۔ راہول یہاں موجودہ ایم پی ہیں۔ راہول لوک سبھا انتخابات کیلئے کانگریس کی مہم کے اعلیٰ لیڈر بنائے جانے کے بعد یہاں اپنے پہلے دورہ پر دو روز کیلئے اپنی بہن پرینکا وڈرا کے ہمراہ آئے ہیں۔

راہول جو آج شام فرصت گنج پہنچے، سڑک پر کچھ فاصلہ پیدل طئے کرتے ہوئے ایرپورٹ کے قریب عوام سے ملاقات کی۔ انہوں نے بعد میں ایک ضعیف خاتون کو اپنے ساتھ شامل ہونے کی دعوت دی جبکہ وہ ایرپورٹ روانہ ہوئے۔ ان کی بہن کار میں عقبی سمت بیٹھیں۔ اس خاتون نے جو رامپور سے تعلق رکھتی ہے، کہا کہ راہول نے اس کے مکان میں قیام کا تھا جس پر کانگریس لیڈر نے اثبات میں سر ہلایا اور کہاکہ اس خاتون کے ساتھ اس کا رشتہ پرانا ہے۔راہول نے اخبار نویسوں سے مختصر گفتگو میں کہا، ’’ہم ایسی چیزوں پر یقین نہیں رکھتے،ہماری عادت کام کرنا ہے‘‘۔