کانگریس ایم ایل سی راجیشور کی ٹی آر ایس میں شمولیت

نظام آباد:2؍ جولائی(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)کانگریس ایم ایل سی مسٹر ڈی راجیشور نے کانگریس سے مستعفی ہوتے ہوئے ٹی آرایس میں شمولیت اختیار کرلی۔ ٹی آرایس نے ایک تیر سے دونشان چلاتے ہوئے قانون ساز کونسل کے چیرمین کے عہدہ اور مئیر نظام آباد کے عہدہ پر کامیابی حاصل کرنے کیلئے راہ ہموار کرلی ہے قانو ن ساز کونسل کے رکن مسٹر ڈی راجیشور نے کانگریس پارٹی سے مستعفی ہوتے ہوئے ٹی آرایس میں شمولیت اختیار کرلی۔ کل رات وزیر آبپاشی مسٹر ہریش رائو، رکن پارلیمنٹ ظہیر آباد بی بی پاٹل کے ہمراہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو سے تفصیلی ملاقات کرتے ہوئے ٹی آرایس میں شمولیت کا ارادہ ظاہر کیا۔ ایک گھنٹہ تک مسٹر راجیشور نے ان قائدین کے ہمراہ بات چیت کی اور قانون ساز کونسل کے چیرمین کے انتخابات سے عین وقت قبل کانگریس سے مستعفی ہوتے ہوئے ٹی آرایس میں شمولیت اختیار کرنے کی وجہ سے کانگریس کو زبردست دھکہ پہنچا ہے اور اس کا اثر کل منعقدہ مئیر نظام آباد کے انتخابات پر بھی پڑرہا ہے۔ ڈی راجیشور نے قبل از مئیر کے انتخابات میں کانگریس کی جانب سے ووٹ دینے کا ارادہ ظاہر کیا لیکن لمحہ آخر میں انہوں نے اپنا ارادہ ترک کرتے ہوئے ٹی آرایس میں شمولیت اختیار کرنے کی وجہ سے ٹی آرایس کو زبردست دھکہ پہنچا ہے کیونکہ نظام آباد میونسپل کارپوریشن کے مئیر کے انتخاب میں کامیابی کیلئے راجیشور کا ووٹ اہمیت کا حامل تھا گورنر کوٹہ میں ایم ایل سی منتخب ہونے والے راجیشور 30سال سے کانگریس پارٹی سے وابستہ ہے۔