کانگریس اور عام آدمی پارٹی کی کرن بیدی پر تنقید

نئی دہلی ۔ 27 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کی چیف منسٹری کی امیدوار کرن بیدی نے صدر امریکہ بارک اوباما کے دورہ ہند کو اپنی انتخابی مہم کا ایک حصہ بنا لیا ہے جس پر کانگریس اور عام آدمی پارٹی نے شدید تنقید کی جبکہ صدر دہلی بی جے پی ستیش اپادھیائے نے کہا کہ اس دورہ کو انتخابات سے مربوط نہیں کیا جانا چاہئے۔ کرشنا نگر حلقہ میں عارضی طور پر مقیم کرن بیدی نے مرکزی حکومت کی سفارتکاری کوششوں کو خراج تحسین ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس سے بین الاقوامی سطح پر ہندوستان کی شبیہہ بہتر ہوگئی ہے۔ انہوں نے صدر امریکہ بارک اوباما کے تین روزہ دورہ ہند کا بھی تذکرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسا معلوم ہوتا ہیکہ ہندوستان دنیا کا نمبر ایک ملک بن گیا ہے۔