نئی دہلی ۔ 17 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے آج کہا کہ کئی اپوزیشن پارٹیاں اجتماعی طور پر حکومت کے خلاف پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس میں تحریک عدم اعتماد پیش کرنے کی نوٹس دیں گی۔ کانگریس کے قائد برائے لوک سبھا ملک ارجن کھرگے نے کہا کہ کئی سیاسی پارٹیوں نے ایک اپوزیشن اجلاس میں اتفاق کیا ہیکہ متحدہ طور پر حکومت کے خلاف آئندہ مانسون اجلاس میں تحریک عدم اعتماد پیش کی جائے۔ مانسون اجلاس کا آغام کل سے ہورہا ہے اور اختتام 10 اگست کو مقرر ہے۔ اجلاس میں 18 نشستیں مقرر ہیں۔ کھرگے نے کہا کہ اپوزیشن پارٹیاں آندھراپردیش کیلئے خصوصی موقف مطالبہ کریں گی۔ علاوہ ازیں زدوکوب کے ذریعہ ہلاکتوں، خواتین اور دلتوں پر مظالم اور سپریم کورٹ کیلئے موجودہ قوانین میں نرمی پیدا کرنے کے مسائل اٹھانے کا ارادہ کی ہیں۔