کانگریس اور تلگو دیشم اتحاد ، بے جوڑ شادی کے مماثل

تلنگانہ میں بی جے پی برسر اقتدار آنے پر تمام طبقات کی ترقی کا تیقن : راج ناتھ سنگھ

شاد نگر ۔ یکم ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : ٹی آر ایس پارٹی وعدوںکو بھول چکی ہے ۔ ٹی آر ایس نے کس قانون کے تحت مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات فراہم کرنے کا وعدہ کیا۔ چیف منسٹر کے سی آر جو نا ممکن ہے وہ بھی بول رہے ہیں اور جو نہیں کرسکتے وہ بھی بول رہے ہیں ۔ تلنگانہ کے عوام کے ذہنوں کو منتشر کرنے کے لیے کئی ایک باتیں کررہے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار مرکزی وزیر راج ناتھ سنگھ نے شاد نگر کے بی جے پی امیدوار سری وردھن ریڈی کے انتخابی جلسے کو مخاطب کرتے ہوئے کیا ۔ مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ تلنگانہ ریاست کو ترقی فراہم کرنے میں ٹی آر ایس حکومت یکسر ناکام ہوگئی ۔ تلنگانہ ریاست میں بی جے پی اقتدار میں آنے پر ہندو مسلم سیکھ عیسائی اور دیگر طبقات کو ترقی فراہم کرنے کا تیقن دیا ۔ تلگو دیشم اور کانگریس اتحاد پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ دونوں کے اتحاد کو دیکھ کر ایسا محسوس ہورہا ہے کہ یہ دونوں کے درمیان بے جوڑ شادی ہوگئی ہے۔ جب کہ این ٹی آر نے تلگو دیشم پارٹی کو کانگریس پارٹی کی مخالفت میں بنائی ۔ اور آج کانگریس اور تلگو دیشم دونوں آپس میں اتحاد کر کے صرف اور صرف بی جے پی اور نریندر مودی کو اقتدار سے دور رکھنے میں مصروف ہیں ۔ دونوں کا یہ خواب کبھی پورا نہیں ہوگا ۔ کانگریس پارٹی قومی صدر راہول گاندھی کے بیان کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ راہول گاندھی ملک میں آلو کی فیکٹری بنانے کی بات کی ۔ آلو کی فیکٹری لگانے کا کرشمہ صرف کانگریس پارٹی ہی کرسکتی ہے ۔ کانگریس کے سابقہ 55 سالہ دور اقتدار میں صرف دو موبائل کمپنیاں آئی۔ جب کہ بی جے پی دور اقتدار میں ایک ہزار 20 فیکٹریاں موبائل کی قائم کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ ریاست میں بی جے پی اقتدار میں آنے پر 2 لاکھ روپئے کسانوں کا قرض معاف کرنے کا تیقن ، گریجویشن کرنے والے طلباء میں فری لیاپ ٹاپ تقسیم کرنے کا تیقن دیا ۔ اس موقع پر بی جے پی پارٹی شاد نگر حلقہ کے امیدوار سری وردھن ریڈی ، پی مہیندر ریڈی ، سرسوتی کے علاوہ دیگر بی جے پی قائدین نے مخاطب کرتے ہوئے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور بی جے پی پارٹی امیدوار سری وردھن ریڈی کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے کی اپیل کی ۔ اس موقع پر بی جے پی کے دیگر قائدین اور عوام کی بڑی تعداد موجود تھی ۔۔