کانگریس اور بی جے پی پر خفیہ گٹھ جوڑ کا الزام : مایاوتی

لکھنؤ 2 مئی (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی اور کانگریس دونوں پر تنقید کرتے ہوئے بی ایس پی کی سربراہ مایاوتی نے الزام عائد کیاکہ دونوں قومی پارٹیوں نے خفیہ طور پر جاری لوک سبھا انتخابات کے لئے گٹھ جوڑ کرلیا ہے اور متحدہ طور پر ایس پی ۔ بی ایس پی ۔ آر ایل ڈی یوپی اتحاد کے خلاف سرگرم ہیں۔ کانگریس ارکان سمجھتے ہیں کہ برسر اقتدار بی جے پی کے امیدواروں کے لئے انتخابی جنگ جیتنا کوئی مشکل کام نہیں ہے لیکن ایس پی ۔ بی ایس پی ۔ آر ایل ڈی اتحاد کے امیدواروں پر یہ بات واضح ہے کہ کانگریس اور بی جے پی خفیہ طور پر مفاہمت کرچکے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ کانگریس بھی بی جے پی کی طرح ہمارے اتحاد کے بارے میں بکواس کررہی ہیں۔ وہ بارہ بنکی میں ایک انتخابی جلسہ عام سے خطاب کررہی تھیں۔ اُنھوں نے کہاکہ یہ بات واضح ہے کہ کانگریس اور بی جے پی متحدہ طور پر ہمارے اتحادی امیدواروں کا مقابلہ کررہے ہیں۔ اُنھوں نے یہ الزام عائد کیاکہ مایاوتی اور سماج وادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو پر وزیراعظم نریندر مودی قابو نہیں پاسکتے۔ اُنھوں نے کہاکہ گزشتہ پانچ سال میں کیا سماج وادی پارٹی یا بہوجن سماج پارٹی نے وزیراعظم نریندر مودی پر راست یا بالواسطہ تنقید کی؟ کیا آپ نے مایاوتی کا مودی پر تنقید کرتے ہوئے کوئی بیان سنا۔ کیا آپ نے اکھلیش یادو کو راست طور پر مودی کو تنقید کرتے ہوئے کوئی بیان دیتے ہوئے سنا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ وہ بیانات سے خوفزدہ نہیں ہیں۔ میں اِن کی پرواہ بھی نہیں کرتی۔ اگر کوئی شخص خوفزدہ ہے تو وہ ہے نریندر مودی۔