جمعرات , دسمبر 12 2024

کانگریس اور بی جے پی نے ملک کوپسماندہ کردیا

تلنگانہ کے اقلیتی بجٹ کی منظوری کیلئے ٹی آر ایس مرکز پر دباؤ ڈالے گی: اے پی جتیندر ریڈی

محبوب نگر۔/30جنوری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) 31جنوری سے شروع ہونے والے پارلیمنٹ کے اجلاس میں علحدہ ریاست تلنگانہ کیلئے اضافی بجٹ کی منظوری کیلئے ٹی آر ایس معقول دباؤ بنائے گی۔ ان عزائم کا اظہار اے پی جتیندر ریڈی ٹی آر ایس پارلیمانی پارٹی قائد نے پریس کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 70 برس میں کانگریس اور بی جے پی نے ملک کو پسماندہ بناکر رکھ دیا ہے جس کے نتیجہ میں عوام اب علاقائی پارٹیوں کا انتخاب کررہے ہیں۔ تحفظات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس مسئلہ کو مرکز ریاستی سطح پر چھوڑ دے۔ تحفظات آبادی کے تناسب سے ہونا چاہیئے۔ متحدہ ریاست آندھرا میں مسلمانوں کا تناسب 9 فیصد تھا لیکن اب تلنگانہ میں یہ 12 فیصد ہے ۔ ان حالات میں تحفظات ضروری ہیں۔ اسی طرح تلنگانہ میں ایس ٹی کا تناسب بھی 9 فیصد ہے ان کو اسی لحاظ سے تناسب کا فیصد دینا ہوگا۔ مرکزی حکومت 3 طلاق پر قانون سازی کررہی ہے اس کا کوئی جواز نہیں ہے کیونکہ پہلے سے ہی مسلم پرسنل لا ء کے قوانین موجود ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کانگریس ، بی جے پی ترقی کی بات کررہے ہیں تو پھر اونچی ذات کے طبقات کو تحفظات کیوں دیئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے تلنگانہ کی ترقی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے نقشہ پر ایک نئی اور چھوٹی ریاست ہے تاہم ترقی کی فہرست میں اول ہے۔ ریتو بندھو اسکیم ملک بھر میں منفرد اسکیم ہے۔ سابق حکومتیں اپنے کو کسانوں کا ہمدرد بتاتی ہیں تو پھر ایسی اسکیمات کیوں رائج نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ضلع محبوب نگر کے آبپاشی پراجکٹس کے ذریعہ زرعی اغراض کیلئے وافر مقدار میں پانی سربراہ کیا جارہا ہے۔ پالمور رنگاریڈی آبپاشی پراجکٹس کی فنی رکاوٹوں کو بھی ختم کردیا گیا ہے۔ اب ان پراجکٹ سے ضلع کی 20لاکھ ایکر اراضی کو سیراب کیا جائے گا۔ انہوں نے پیش قیاسی کی کہ آئندہ پارلیمانی انتخابات میں علاقائی پارٹیوں کو بادشاہ گر کا موقف حاصل رہے گا۔ انہوں نے شہر میں سڑکوں کی توسیع کے تعلق سے کہا کہ اس میں کوئی سیاسی دخل نہیں ہے۔ پریس کانفرنس میں ریاستی سکریٹری ٹی آر ایس امتیاز اسحاق، بی جناردھن ، سریندر ریڈی، موہن بابو اور دیگر موجود تھے۔

کاغذ نگر میں 4 لاکھ روپئے کے
گٹکھے اور دیگر تمباکو اشیاء ضبط
کاغذ نگر۔/30جنوری،( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کاغذ نگر ٹاؤن سی آئی وینکٹیشورلو کی نگرانی میں کرانہ دکان پر دھاوے کرتے ہوئے 4 لاکھ کے گٹکھے اور تمباکو اشیاء ضبط کرلی گئی۔ تفصیلات کے بموجب اور کاغذ نگر ٹاون سرکل انسپکٹر پولیس وینکٹیشور لو نے مقامی اخباری نمائندوں کو بتاتے ہوئے کہا کہ کاغذ نگر کے اندرا مارکٹ کے قریب کرانہ دکان میں غیر قانونی طور پر گٹکھے اور نشہ آور تمباکو اشیاء کی فروخت کی جارہی تھی ۔ گٹکھے اور تمباکو اشیاء کی غیر قانونی طور پر فروخت کی اطلاع ملنے پر ٹاؤن پولیس نے دکان پر دھاوے کرتے ہوئے لگ بھگ 4 لاکھ روپئے مالیتی اشیاء کو ضبط کرلیااور پولیس حراست میں لیتے ہوئے کیس درج کیا اور تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

TOPPOPULARRECENT