چندولی ۔ 23 ۔ اپریل (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس امیدوار جو کانگریس نائب صدر راہول گاندھی کے ساتھ پد یاترا کرنے والے ہیں اور یہ چاہتے ہیں کہ راہول گاندھی ان کی پد یاترا میں شریک ہوں، 9 اپریل سے اسی انتظار میںہیں۔ یوتھ کانگریس کے سابق لیڈر ترون پٹیل نے انتخابی مہم چلانے کا ایک انوکھا طریقہ نکالا ہے۔ گاڑیوں میں چلنے کی بجائے وہ پد یاترا پر زیادہ توجہ دے رہے ہیں اور اس طرح وہ دور دراز علاقوں تک پہنچ رہے ہیں جس کا سلسلہ 9 مئی تک جاری رہے گا ۔ اس موقع پر انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اپنی پد یاترا کو وہ بغیر کسی توقف کے جاری رکھے ہوئے ہیں ۔ البتہ رات کے اوقات میں وہ کسی بھی دور دراز کے گاؤں میں توقف کرتے ہیں ۔ انہوں نے راہول گاندھی سے بھی پد یاترا میں شامل ہونے کی درخواست کی ہے جس کے بعد راہول نے 3 مئی کو پد یاترا میں شامل ہونے کا وعدہ کیا ہے۔
مودی جی وزیراعظم بن جائیں تو
مداخلت کار ی بند: امیت شاہ
مرزا پور۔ 23 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ملک کی سرحدیں محفوظ نہ ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے بی جے پی لیڈر امیت شاہ نے آج کہا کہ مودی وزیراعظم بن جائیں تو پاکستانی مداخلت کار ، ہندوستانی علاقہ میں داخل ہونے کی جرأت نہیں کریں گے۔ انہوں نے اپنا دَل لیڈر اور این ڈی اے امیدوار انو پریہ پٹیل کی انتخابی ریالی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک بار مودی جی وزیراعظم بن جائیں تو ہندوستانی سپاہیوں کا سَر قلم کرنا تو درکنار پاکستانی مداخلت کار ہندوستانی علاقہ میں داخل ہونے کی بھی ہمت نہیں کرپائیں گے۔