کانگریس امیدوار ملند دیورا کو امبانی اور کوٹک کی تائید

ممبئی 18 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) صنعتکار مکیش امبانی اور کروڑ پتی بینکر ادئے کوٹک نے ممبئی ساوتھ لوک سبھا حلقہ سے کانگریس امیدوار ملند دیورا کی امیدواری کی تائید کی ہے ۔ امبانی کی تائید کانگریس لیڈر کو ایسے وقت میں ملی ہے جب ان کی پارٹی مکیش کے بھائی انیل امبانی کو رافیل معاملت پر مسلسل نشانہ بنا رہی ہے ۔ دیورا نے ایک ویڈیو اپنے ٹوئیٹر پر شئیر کیا ہے جس میں امبانی کہہ رہے ہیں کہ ’’ ملند ساوتھ ممبئی کیلئے ہیں ‘‘ ۔ جبکہ ادئے کوٹک نے حقیقی معنوں میں ممبئی کی نمائندگی کرنے والا قرار دیا ہے ۔ ملند دیورا نے کہا کہ وہ مکیش امبانی ‘ ادئے کوٹک اور دوسرے چھوٹے اور اوسط تاجروں سے ملنے والی تائید پر بھی مشکور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں معمولی تاجروں ‘ پان والوں اور ہاکرس کی تائید بھی حاصل ہو رہی ہے ۔