کانگریس امیدوارو ں کے حق میں ووٹ دینے کی اپیل

جنگاؤں ۔/29اپریل، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر پونالہ لکشمیا نے جنگاؤں میں اپنے مکان پر اخباری نمائندوں کو بتایا کہ تلنگانہ بل پارلیمنٹ میں صرف کانگریس پارٹی نے پیش کیا۔آج تلنگانہ ریاست قائم ہورہی ہے تو کانگریس کی وجہ سے۔ چند سیاسی پارٹیاں اپنا فائدہ حاصل کرنے تلنگانہ کا سہرا اپنے سر پر لے رہی ہیں۔ کانگریس پارٹی نے 10سال اقتدار پر رہتے ہوئے کئی ایک کام انجام دیئے ہیں۔ غریب عوام کیلئے اندراماں مکان اور غریبوں کے علاج کیلئے آروگیہ سری اسکیم، ایک روپیہ کیلو چاول کے علاوہ طلباء و طالبات کو اسکالر شپس دیئے گئے۔ مسلمانوں کیلئے 4فیصد تحفظات دیئے گئے جس کے باعث کئی ایک مسلم طلباء و طالبات اعلیٰ تعلیم حاصل کئے ہیں۔ مسٹر پونالہ لکشمیا نے جنگاؤں اسمبلی حلقہ عوام سے درخواست کی کہ وہ کانگریس پارٹی کے امیدواروں کو ایم ایل اے اور ایم پی کیلئے ووٹ دیں گے۔ اس موقع پر محمد رضی الدین احمد، راجہ ریڈی سابق ایم ایل اے، جی سدیا، ناگراج، محمد عبداللہ، محمد جمال شریف ایڈوکیٹ اور دوسرے موجود تھے۔