ہمکنڈہ /24 اپریل ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) جناب محمد اسماعیل شمشی سینئیر کانگریس قائد و سابق وقف بورڈ چیرمین نے ہمکنڈہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ملک میں اقلیتوں کی حالت ابتر ہے اور وہ سماجی و معاشی طور پر دلتوں اور قبائیلوں سے بھی پیچھے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ انتخابات نہایت اہمیت کے حامل ہیں ۔ ان انتخابات میں اقلیتوں کو متحد ہوکر فرقہ پرست طاقتوں کے مقاصد کو روکنے کیلئے ہمیں اعتماد کا مظاہرہ کرنا ضروری ہے ۔ ایک طرف فرقہ پرست طاقتیں اقتدار حاصل کرنے کیلئے ایڑی چوٹی کا زور لگا رہی ہیں تو دوسری طرف کانگریس ان فرقہ پرست طاقتوں کو اقتدار سے دور رکھنے کیلئے اپنی جدوجہد میں لگی ہوئی ہے ۔ نریندر مودی جیسے شخص کو وزیر اعظم کی کرسی پر بیٹھے نہیں دینا چاہئے ۔ جس کیلئے مسلمان متحدہ طور پر سیکولر کانگریس پارٹی کا ساتھ دیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب کا اخلاقی فرض ہے کہ متحدہ طور پرکانگریس جیسے سیکولر پارٹی کی مدد کریں اور اس پارٹی کو اقتدار میں لانے کیلئے ہوشمندی کا مظاہرہ کریں ۔ اس موقع پر محمد احمد صدر جمعیتہ المشائقین ورنگل دیگر کانگریسی قائدین موجود تھے ۔