کریم نگر۔/26اپریل، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) علحدہ تلنگانہ ریاست میں کانگریس اقتدار میں ہو تو غریب پسماندہ طبقات کی ترقی ہوگی، کریم نگر حلقہ اسمبلی کانگریس کے امیدوار چیلمیڈیہ لکشمی نرسمہا راؤ کی اہلیہ مسز سنیلا نے یہ بات کہی۔ انہوں نے کہا کہ لکشمی نرسمہا راؤ کو اپنا ووٹ دے کر کامیاب کریں۔ شہر مستقر کریم نگر کے 30،16،31،34 ڈیویژن میں گھر گھر جاکر ووٹرس سے ملاقات کی اور کہا کہ ہر روز کم از کم ایک گھنٹہ پینے کے پانی کی سربراہی کو یقینی بنانے کی کوشش کی جائے گی۔ کانگریس کے اقتدار میں حلقہ اسمبلی کی ترقی ہوچکی ہے، اس چناؤ میں عوام کانگریس کی تائید کریں اور بھاری اکثریت کے ساتھ کامیاب کریں۔ پروگرام میں کانگریس کے نوجوان قائدین وائی سنیل راؤ، سرینواس وغیرہ بھی شریک تھے۔ دوپہر پارٹی کے تشہیری پروگرام میں نائی برہمن کا اجلاس منعقد ہوا جس میں سابق رکن اسمبلی کے دیویندر راؤ میونسپل سابق چیرمین واویلالہ ہنمنت ریڈی کے ساتھ چیلمیڈہ نرسمہا راؤ کی اہلیہ مسز سنیلا نے تشہیری پروگرام چلایا۔ اس موقع پر مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی ہمیشہ سے پچھڑے اور کمزور طبقات کے معیار زندگی کو بہتر بنانے اور خط غربت سے نچلی سطح پر زندگی بسر کرنے والے خاندانوں میں خوشحالی لانے اور ان کے بچوں کی تعلیم کے لئے کوشش کرتی آئی ہے۔ تعلیم سب کا حق ہے اور لازمی تعلیم قانون کی عمل آوری کے لئے کانگریس کوشش کرتی آئی ہے اور ہم اپنے ذریعہ سے بھی غریبوں کی مدد کرتے آرہے ہیں، اس طرح ہم اپنے دواخانہ کے ذریعہ مفت طبی خدمات کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں ۔ مسز سنیلا نے کہا کہ اس بار ان شوہر چیلمیڈہ نرسمہا راؤکو چناؤ میں کامیاب بنانے پر حلقہ اسمبلی کی پوری طرح سے ترقی کیلئے وہ ہر ممکن کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ نائی برہمن کو درپیش مسائل بھی دور کریں گے۔ اس موقع پر سٹی کانگریس صدر کے کرشنا اور بڑی تعداد میں نائی برہمن سنگھم قائدین موجود تھے۔کانگریس کے امیدوار چیلمیڈہ نرسمہا راؤ کی دختر رشمیتا نے بھی گھر گھر جاکر ووٹرس سے ملاقات کرتے ہوئے کمزوروں اور غریبوں کی ترقی اور شہر کی ترقی کیلئے ان کے والد مسٹر چیلمیڈہ نرسمہاراؤ کو ووٹ دے کر بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے کی اپیل کی۔