کانگریس اقتدار میں آندھرا کو خصوصی موقف آندھرا کے عوام سے انصاف کیا جانا چاہئے ۔ راہول گاندھی

نئی دہلی 6 مارچ ( پی ٹی آئی ) کانگریس صدر راہول گاندھی نے کہا کہ ان کی پارٹی آندھرا پردیش خصوصی زمرہ کا موقف دے گی اگر اسے 2019 میں اقتدار مل جائے ۔ عام آدمی پارٹی نے بھی ریاست کے اس مطالبہ کی تائید کی ہے ۔ راہول گاندھی نے جنتر منتر پر اس مطالبہ کی تائید میں دھرنا منظم کرنے والے پارٹی کے کچھ قائدین سے کہا کہ ہم آندھرا پردیش کو خصوصی زمرہ کا موقف دینگے ۔ 2019 میں اقتدار پر آنے کے بعد ہمارا پہلا کام یہی ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ اگر ہم متحد رہیں تو ہم حکومت ہند اور وزیر اعظم کو ترغیب دے سکتے ہیں کہ آندھرا پردیش کے عوام کا جو حق ہے وہ انہیں دیا جانا چاہئے ۔ راہول گاندھی نے بعد ازاں ٹوئیٹ کیا کہ یہ ان کا ماننا ہے کہ اگر اپوزیشن جماعتیں اس مسئلہ پر متحدہ وجائیں تو بی جے پی حکومت کو مجبور کیا جاسکتا ہے کہ آندھرا پردیش کے عوام سے انصاف کیا جائے ۔ عام آدمی پارٹی کے رکن اسمبلی سومناتھ بھارتی نے بھی احتجاج میں شرکت کی اور انہوں نے چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال کی جانب سے اس مطالبہ کی تائید کی ۔ انہوں نے کہا کہ وہ چیف منسٹر دہلی کے تائیدی بیان کے ساتھ آئے ہیں۔