کانگریس ارکان اسمبلی کی سونیا گاندھی سے ملاقات

نئی دہلی۔ 23 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) دہلی میں تازہ انتخابات کی قیاس آرائیوں کے درمیان کانگریس کے دو ارکان اسمبلی سے صدر کانگریس سونیا گاندھی سے ملاقات کی اور مبینہ طور پر درخواست کی کہ پارٹی کی قیادت کے لئے شیلا ڈکشٹ کو واپس لایا جائے۔ ذرائع کے بموجب دونوں ارکان اسمبلی کو سونیا گاندھی کو دہلی میں پارٹی کے استحکام کے بارے میں اپنے نقاط نظر سے واقف کروایا جس کو اسمبلی اور لوک سبھا انتخابات میں شرمناک شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ کانگریس نے 70 رکنی اسمبلی کے انتخابات میں صرف 8 نشستیں حاصل کیں اور دہلی کے 7 لوک سبھا انتخابی حلقوں میں صرف ایک حلقہ سے کامیابی حاصل کرسکی۔ اسمبلی انتخابات میں پارٹی کی ناکامی کی وجہ سابق وزیر ٹرانسپورٹ و تعلیم اروند سنگھ لولی کو پارٹی میں نئی جان ڈالنے کے لئے مقرر کرنے کو قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ شیلا ڈکشٹ کو واپس لایا جائے ۔