مشترک ثقافت میں شرکت کا جنرل سیکریٹری سیتا رام یچوری کا تیقن
نئی دہلی ۔ 29 اگست (سیاست ڈاٹ کام) سی پی آئی (ایم) اس انتخابی اتحاد کا حصہ نہ ہوگی جس میں کانگریس شامل ہو۔ گوکہ وہ جے ڈی یو کے باغی لیڈر شردیادو کی ’مشرک ثقافت کو بچاؤ‘ مہم کے ساتھ بدستور وابستہ رہے گی جس میں کانگریس کے بشمول اپوزیشن پارٹیاں شامل ہوئی ہیں، لیفٹ پارٹی نے آج یہ بات کہی۔ سی پی آئی ایم جنرل سکریٹری سیتارام یچوری نے کہا کہ ان کی پارٹی عظیم تر مفاد میں مشترک ثقافت کے تحفظ کے مقصد سے ہونے والے اجلاسوں میں شرکت کرے گی لیکن یہ بھی کہا کہ وہ مستقبل میں کانگریس کے ساتھ مہاگٹھ بندھن کی کوئی ریلی کا حصہ نہیں ہوگی۔ یچوری نے یہ تبصرہ دو روز بعد کیا ہے جبکہ بائیں بازو کی یہ پارٹی آر جے ڈی کی ’بی جے پی بھگاؤ، دیش بچاؤ‘ ریلی منعقدہ پٹنہ میں شرکت نہیں کی حالانکہ وہاں کئی کلیدی اپوزیشن قائدین شریک ہوئے۔ سی پی ایم لیڈر نے کہا کہ مشترک ثقافت کی تحریک سے مہاگٹھ بندھن کے تعلق سے الجھن میں مبتلاء نہ ہوں کیونکہ اول الذکر کا انتخابی اتحاد سے کچھ لینا دینا نہیں ہے۔ سی پی آئی (ایم) نے پٹنہ کی ریلی میں حصہ نہ لیتے ہوئے یہ وجہ بتائی کہ وہاں اس کی کٹر حریف اور چیف منسٹر مغربی بنگال ممتابنرجی نے شرکت کی۔