ناسک۔ 29 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر اور بی جے پی قائد نتن گڈکری نے آج کہا کہ مہاراشٹرا کی ترقی گزشتہ کانگریس۔ این سی پی حکومت کے دور میں متاثر ہوئی۔ ہزاروں کاشت کاروں نے خودکشیاں کرلیں۔ سابق کانگریسی چیف منسٹر پرتھوی راج چوان پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے انہیں ’’ناکارہ منتظم‘‘ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ سابق حکومت کے دور میں مہاراشٹرا، ترقی کے لحاظ سے چھٹویں مقام پر پہنچ گیا۔ ناسک اور نندور بار میں بی جے پی امیدوار کی تائید میں انتخابی مہم چلاتے ہوئے گڈکری نے کہا کہ ریاست میں گزشتہ چند سال کے دوران 10 ہزار سے زیادہ کاشت کار خودکشی کرچکے ہیں جس کی وجہ برقی توانائی کی قلت اور ناکافی آبپاشی ہے۔ گڈکری نے کہا کہ ان کی پارٹی کا نیا نعرہ ہے :’’سب کا ساتھ، سب کا وکاس‘‘(سب کی مدد ، سب کی ترقی) ۔