بی جے پی اور عام آدمی پارٹی کا اعتراض، الیکشن کمیشن کو شکایت
نئی دہلی ۔ 12 ۔ مئی (سیاست ڈاٹ کام) الیکشن کمیشن نے آج وارانسی کے ریٹرننگ آفیسر کو ہدایت کی ہے کہ دو کانگیرس امیدوار اجئے رائے کے خلاف پولنگ بوتھ پر میڈیا سے بات کرنے اور پارٹی کے نشان کو واضح کرنے پر ایف آئی آر درج کرے کیونکہ ایسا کرنا انتخابی مہم کے زمرے میں آتا ہے جس پر رائے دہی کے روز امتناع عائد رہتا ہے۔ اجئے رائے اس وقت ایک تنازعہ میں پھنس گئے جب وہ اپنے کرتے پر پارٹی کے نشان کے ساتھ ووٹ دینے پہنچ گئے جس پر بی جے پی اور عام ادمی پارٹی نے ان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ۔ دریں اثناء انتخابات کے خصوصی مبصر پروین کمار نے کہا کہ اس معاملہ پر انہوں نے چیف الیکشن کمشنر کوا یک تفصیلی رپورٹ روانہ کی ہے ۔ دوسری طرف وارانسی کے ریٹرننگ آفیسر پران لال یادو نے کہا کہ انہوں نے جو ویڈیو دیکھا ہے اس میں اجئے رائے کو کانگریس کے نشان کے ساتھ رائے دہی کے لئے پولنگ بوتھ میں داخل ہوتے ہوئے دکھایا گیا ہے ۔ پارٹی کے نشان کو دکھانا ا لیکشن کمیشن کے سیکشن 130 کے مغائر ہے ۔ اجئے رائے آج صبح اپنے ارکان خاندان کے ساتھ وارانسی کے رما کانت نگر میں واقع ایک پولنگ بوتھ پر رائے دہی کیلئے پہنچے تھے اور اپنے کرتے پر انہوں نے اپنی پار ٹی کا انتخابی نشان ’’ہاتھ‘‘ آویزاں کیا تھا ۔ وارانسی میں آج صبح 7 بجے پولنگ کا آغاز ہوا جہاں ناڈیسر ، رام نگر ، بنارس ہندو یونیورسٹی کیمپس اور مسلمانوں کی اکثریت والے علاقوں کے رائے دہی مراکز پر ووٹرس کی طویل قطاریں دیکھی گئیں ۔