کانپور۔17 جون (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کانپور کیلئے ویب سائٹ کا آغاز کرے گی جس پر عوام سے رائے حاصل کی جائے گی کہ صنعتی شہر کو آلودگی سے پاک کیسے بنایا جاسکتا ہے۔ بی جے پی کی کانپور شاخ کے سبب سریندر میتھانی نے آج کہا کہ ویب سائٹ پر مختلف مصنوعات کے بارے میں تمام معلومات عوام کے لئے دستیاب رہیں گی تاکہ وہ شہر کو ترقی دے سکیں اور اس سلسلے میں پیشرفت کرسکیں۔ ویب سائیٹ میں شخصی روابط پارٹی کے تمام قائدین اور وزراء سے بھی ممکن ہوں گے تاکہ عوام انہیں اپنے مسائل سے واقف کرواسکیں۔ انہوں نے کہا کہ مقامی رکن پارلیمان مرلی منوہر جوشی چاہتے ہیں کہ کانپور کیلئے ویب سائٹ میں اس صنعتی شہر کے بارے میں ممکنہ حد تک تمام معلومات دستیاب ہوں۔ میتھانی نے کہا کہ رکن پارلیمان مرلی منوہر جوشی تھے جنہوں نے خواہش ظاہر کی کہ بی جے پی کے تمام کارکنوں اور عوام کو مشترکہ طور پر کانپور کو آلودگی سے پاک شہر بنانے کی ذمہ داری قبول کرنی چاہئے۔ مقامی صدر بی جے پی کے بموجب مرلی منوہر جوشی کا خیال تھا کہ کانپور ملک کے مالیہ میں نمایاں حصہ ادا کرتا ہے، لیکن اسے ہندوستان کے آلودہ ترین شہروں میں سے ایک شہر بھی قرار دیا جاتا ہے۔ ویب سائٹ کا افتتاح آئندہ ہفتہ بی جے پی کے نامور قائد رکن پارلیمان مرلی منوہر جوشی انجام دیں گے۔ یہ پہلی بار جبکہ آلودگی سے چھٹکارہ پانے کیلئے اس قسم کا منفرد اقدام کیا جارہا ہے۔