کانپور ٹرین حادثہ میں آئی ایس آئی کا ہاتھ ہونے مودی کا دعویٰ مسترد : اکھلیش

غازی پور ۔ /3 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش کے چیف منسٹر اکھلیش یادو نے کانپور ٹرین حادثہ میں پاکستانی جاسوس ادارہ آئی ایس آئی کا ہاتھ ہونے سے متعلق وزیراعظم نریندر مودی کے دعویٰ کو آج مسترد کردیا اور الزام عائد کیا کہ بی جے پی قائدین محض ووٹ لینے کیلئے عوام کو گمراہ کررہے ہیں ۔ اکھلیش نے یہاں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہمارے وزیر ریلوے نے کانپور میں پٹریوں کی دیکھ بھال نہیں کی ۔ وزیراعظم کو یہ غلط رپورٹ دی کہ آئی ایس آئی نے پٹریوں کو نقصان پہونچایا ہے ۔ میں کہنا چاہتا ہوں کہ یہ واقعہ چونکہ اترپردیش میں پیش آیا ۔ کم سے کم مجھے تو اس کے بارے میں مطلع کیا جاتا ۔لیکن کوئی اطلاع نہیں … اس بات میں کوئی سچائی نہیں ہے … ‘‘ ۔ اکھلیش نے یہ الزام بھی عائد کیا کہ زعفرانی جماعت کے قائدین محض عوام کو گمراہ گمراہ کرتے ہوئے ووٹ لینے کے عادی بن گئے ہیں ‘‘ ۔ غازی پور  وزیر ریلوے منوج سنہا کا حلقہ لوک سبھا ہے ۔ /20 نومبر 2016 ء کو پیش آئے کانپور ٹرین حادثہ میں 150 افراد ہلاک ہوگئے تھے اور /28 ڈسمبر کو ایک دوسری ٹرین بھی اسی ریلوے لائن پر پٹریوں سے اترگئی تھی ۔ بعد ازاں حکومت نے دعویٰ کیا تھا کہ پاکستان کا جاسوسی ادارہ آئی ایس آئی ان حادثات کیلئے ذمہ دار ہے ۔ بی جے پی کے سینئر لیڈرس اور مرکزی وزراء کے یو پی انتخابات کی مہم میں حصہ لینے کا تذکرہ کرتے ہوئے اکھلیش نے کہا کہ ’’اگر وزیراعظم یہاں (یو پی میں) کچھ کام کئے ہوتے ان کے وزراء کو اپنی پارٹی کے لئے مہم چلانے کی ضرورت نہیں تھی ‘‘ ۔ دہلی یونیورسٹی میں بی جے پی کی طلبہ تنظیم اے بی وی پی کے تنازعہ کا مبہم حوالہ دیتے ہوئے یو پی کے چیف منسٹر نے کہا کہ ’’بی جے پی کے حب الوطنی افراد سے میں پوچھنا چاہتا ہوں کہ جو لوگ دہلی میں اپنی قوم پرستی دکھارہے ہیں ۔ انہوں نے ملک کے لئے جان قربان کرنے والے سپاہیوں اور ان کے خاندانوں کے لئے کیا کیا ہے ۔ ان کے خاندانوں کو کیا مدد فراہم کی گئی ہے ‘‘ ۔