عورت پر جوا کھیلنے والے کل یُگ کے یدھشٹر کیخلاف پولیس میں شکایت
کانپور۔ 29 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ایک عجیب و غریب واقعہ میں جس طرح مہارت میں یدھشٹر نے اپنی دروپدی کو جوے میں داؤ پر لگایا تھا اس طرح اترپردیش کے شہر کانپور میں ایک شخص نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) پر کی گئی سٹہ بازی میں اپنی ہی بیوی کو داؤ پر لگا دیا اور ہار گیا ۔یہ المناک واقعہ اس وقت منظر عام پر آیا جب کانپور کے علاقہ گوئند نگر کے ساکن رویندر سنگھ کے ساتھی سٹہ باز اس کی بیوی جسپریت کور کو ہراساں کررہے تھے جس کے نتیجہ میں جسپریت کو مقامی سماجی کارکنوں کی مدد سے پولیس سے رجوع ہونا پڑا جہاں پولیس نے ایک مقدمہ درج کرلیا لیکن ملزمین ہنوز مفرور ہیں۔ پولیس نے کہا کہ رویندر سنگھ حصص بازار میں اپنی ساری رقم آئی پی ایل سٹہ بازی میں ہار چکا تھا اور بالآخر آئی پی ایل میچ میں بیوی کو ہی سٹہ پر لگا دیا۔ اس سٹہ بازی میں وہ اپنی بیوی کو بھی ہار بیٹھا۔ اس جوڑے کی شادی پانچ سال قبل ہوئی تھی۔ اس کو بیوی جسپریت نے جو پھولوں اور گلدستوں کی ایک دوکان چلاتی ہے، کہا کہ شادی کے پہلے ہی دن سے اس کی مصیبتوں کا آغاز ہوچکا تھا۔ اس کے شوہر رویندر سنگھ نے جو شیربازار میں حصص کا کاروبار کرتا تھا، شادی کی پہلی ہی رات اپنی بیوی کو اپنے تمام زیورات، رقم اور قیمتی اشیاء اپنے حوالے کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ جسپریت کو شادی کے بعد ہی اپنے شوہر کی شراب نوشی، سٹہ بازی اور دیگر برائیوں کا علم ہوا تھا۔ رویندر سنگھ جوا اور سٹہ بازی میں اپنے گھریلو استعمال کی کئی اشیاء فروخت کردیا یا پھر جوے میں ہار چکا ہے اور جب آئی پی ایل 2016ء شروع ہوا، وہ اپنا گھر فروخت کرنے کا منصوبہ بنارہا تھا۔