حیدرآباد /14 نومبر ( سیاست نیوز ) حیدرآباد کے مضافاتی علاقہ چیتنیہ پوری میں آج ایک انتہائی سنسنی خیز واقع پیش آیا جس میں خواتین کے گلے سے طلائی چین اڑانے والا خطرناک رہزن اس علاقہ میں گشت کرنے والی پولیس پٹرولنگ ٹیم پر حملہ کرتے ہوئے حکومت کی جانب سے حال ہی میں پولیس کی خصوصی ٹیموں کو فراہم کردہ موٹر سائیکل لیکر فرار ہوگیا ۔ تفصیلات کے مطابق یہ رہزن چیتنیہ پوری میں خواتین کے گلے سے چین اڑانے میں مصروف تھا کہ پولیس کو اس واقعہ کی اطلاع موصول ہوئی اور وہ سخت چوکسی اختیار کرتے ہوئے اس کی نشاندہی کا آغاز کردیا ۔ پولیس کی دو پٹرولنگ ٹیمس جو کانسٹیبلس پرساد ریڈی ، سائی ناتھ ریڈی ، جگن موہن اور دوسروں پر مشتمل تھی بالآخر اس رہزن کی شناخت کرلی اور اس کی موٹر سائیکل کو اپنی نئی موٹر سائیکل سے ٹکر دے دی لیکن جواب میں رہزن نے چاقو نکال کر ایک کانسٹیبل پرساد پر حملہ کردیا اس دوران کانسٹیبلس اس اچانک حملے سے سنبھل بھی نہیں پائے تھے کہ رہزن ، پولیس کی نئی موٹر سائیکل لیکر فرار ہوگیا جو حکومت تلنگانہ کی وزارت داخلہ کی جانب سے حال ہی میں سٹی پولیس کو فراہم کی گئی تھی ۔ زخمی کانسٹیبل کو فی الفور ایک خانگی ہاسپٹل سے رجوع کردیا گیا ۔ پولیس نے ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے رہزن کی تلاش میں مزید شدت پیدا کردی۔ رہزن کے اس دیدہ دلیرانہ اقدام پر پولیس بھی حیرت زدہ رہ گئی ۔