کانسٹبل نے سسرالی رشتہ داروں کو چاقو سے حملہ کر کے زخمی کردیا

حیدرآباد 12 نومبر (سیاست نیوز) جوبلی ہلز علاقہ میں اے پی ایس پی کے کانسٹبل نے اپنے سسرالی رشتہ داروں کو چاقو سے حملہ کرکے زخمی کردیا۔ بتایا جاتا ہے کہ ضلع کڑپہ سے تعلق رکھنے والا اے پی ایس پی فرسٹ بٹالین کا کانسٹبل جئے سمہا ساکن یوسف گوڑہ پولیس کوارٹرس کی اکثر اپنی بیوی مہا لکشمی سے جھگڑا ہوا کرتا تھا جس کے سبب اُس کے سسرالی رشتہ دار نرسمہلو اور ہری پرساد یکسوئی کے لئے مداخلت کرتے تھے۔ آج صبح بیوی سے جھگڑے کے بعد نرسمہلو اور ہری پرساد اُسے سمجھانے کیلئے وہاں پہونچنے والے تھے کہ سری کرشنا نگر کے قریب جئے سمہا نے اُنھیں روک لیا اور اپنی بیوی پر چاقو سے حملہ کرنے کی اطلاع دی۔ باپ اور بیٹے نے فوری مہا لکشمی پر حملہ کی اطلاع کے ساتھ ہی اُس کے مکان پہونچے جہاں پر جئے سمہا نے اُن پر چاقو سے حملہ کردیا۔ پولیس نے بتایا کہ کانسٹبل نے مذکورہ دو افراد پر حملہ کی غرض سے بیوی پر حملہ کی جھوٹی اطلاع دی تھی۔ جوبلی ہلز پولیس نے اِس سلسلہ میں کانسٹبل کے خلاف اقدام قتل کا مقدمہ درج کرتے ہوئے اُسے حراست میں لے لیا۔

ایل بی نگر سے نعش برآمد
حیدرآباد /12 نومبر ( سیاست نیوز ) ایل بی نگر پولیس نے ایک شخص کی نعش کو دستیاب کرلیا ہے ۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ ایک نامعلوم شخص جس کی عمر 30 سال بتائی گئی ہے ۔ کے کے گارڈن کے قریب ایک زرعی اراضی کے قریب باؤلی سے دستیاب ہوئی ہے ۔ پولیس نے بتایا کہ یہ شخص باؤلی میں گرنے کے سبب فوت ہوگیا ہوگا ۔ ایل بی نگر پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔