کامیابی کا چوکا ، راہول سے جب شا نے درخواست کی

حیدرآباد۔15 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام ) ویسٹ انڈیز کے خلاف دو ٹسٹ میچوں کی سیریز میں مین آف دی سیریز کا ایوارڈ نوجوان پرتھوی شا کوملا۔ یقینا 18 سال کی عمر میں ہندوستان کیلئے ڈیبیو کرتے ہوئے یہ اعزاز حاصل کرنا بڑی کامیابی ہے یہ پرتھوی شا کے کیریئر کا سنہرا آغاز ہے لیکن دوسرے ٹسٹ میچ کے دوران اس نوجوان نے ایک خاص مقام بھی حاصل کیا۔ پرتھوی شا نے ویسٹ انڈیز کے خلاف حیدرآباد ٹسٹ میں کامیابی کا چوکا لگا یا۔ اس کے ساتھ ہی وہ ہندوستان کیلئے ٹسٹ کرکٹ میں کامیابی کا رن بنانے والے سب سے نوجوان کھلاڑی بن گئے ہیں۔حالانکہ پرتھوی کے اس رن کا کچھ سہرا کے ایل راہول کو بھی جاتا ہے۔ دراصل پرتھوی نے چوکا لگاکر ہندوستان کو کامیابی دلائی ، لیکن جیت کیلئے ایک رن کی ضرورت اور چوکا لگانے تک کا کھیل کافی دلچسپ رہا۔ ہر کوئی چاہتا تھا کہ پرتھوی شاہ ہی کامیابی کا رن بنائیں ، لیکن اسٹرائیک کے ایل راہول کے پاس تھی۔ اس کے بعد راہول اور پرتھوی میں کچھ بات چیت ہوئی اور پھر اسٹرائیک پر موجود راہول نے کوئی رن بنائیں بغیر چار گیندیں کھیلیں اور اوور ختم ہوگیا، پھر پرتھوی شا اسٹرائیک پر آئے اور چوکا لگاکر ٹیم کو میچ میں جیت دلائی۔ دو میچوں کی ٹسٹ سیریز میں 118.50 کی اوسط سے 237 رن بنانے والے پرتھوی شا نے یہ کارنامہ 18 سال 339 دن کی عمر میں انجام دیا ۔حالانکہ بین الاقوامی کرکٹ میں یہ ریکارڈ پیٹ کمنس کے نام ہے ، جنہوں نے جنوبی افریقہ کے خلاف 2011 میں 18 سال 198 دن کی عمر میں یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔