ملبورن 26 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) آسٹریلین اوپن وومنس سنگلز چمپئن لی نا نے اپنے کوچ کارلوس راڈرگیوز کی زبردست ستائش کی ہے ۔ لی نا نے کہا کہ وہ ایک موقع پر ٹینس سے سبکدوشی پر غور کر رہی تھیں تاہم وہ کوچ کی وجہ سے میدان پر رہیں اور انہو ںنے اپنے کیرئیر کا دوسرا گرانڈ سلام خطاب جیتا ہے ۔ لی نا نے سابق گرانڈ سلام چمپئن جسٹن ہینن کے کوچ راڈرگیوز کی خدمات حاصل کی تھیں ۔ انہوں نے وسط 2012 میں ان سے معاہد کیا تھا کیونکہ ان کے سابق کوچ اور شوہر جیانگ شان سے ان کے اختلافات ہوگئے تھے ۔ چین کی ٹینس اسٹار نے اپنے نئے کوچ کی ستائش کی اور کہا کہ انہوں نے نہ صرف ان کی شادی کو بچانے میں اہم رول ادا کیا بلکہ وہ ان کے کیرئیر کو بھی ختم ہونے سے بچانے میں کامیاب رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 2011 میں فرنچ اوپن کی کامیابی کے بعد ان کے کیرئیر میں گراوٹ آتی جا رہی تھی کیونکہ اسپانسر کی وجہ سے وہ اپنے کھیل پر توجہ نہیں دے پا رہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ اب ان کی زندگی پر اپنے کوچ کا زیادہ اثر ہے جو کورٹ پر بھی ان کے جذبات کو کنٹرول کرنے میں اہم رول ادا کرتے ہیں۔ لی نا نے کہا کہ سب سے اہم بات یہ ہے کہ ارجنٹینا سے تعلق رکھنے والے کوچ ان میں خود اعتمادی پیدا کرنے میں کامیاب رہے ہیں جو ان میں نہیں تھی ۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ سال کی طرح جب انہوں نے کہا تھا کہ وہ ٹاپ 3 میں شامل ہونا چاہتی ہیں تو کسی نے یقین نہیں کیا تھا ۔ جاریہ سال کے اوائل میں انہوں نے جب کہا کہ وہ گرانڈ سلام جیتنا چاہتی ہیں تو کسی نے یقین نہیں کیا تھا
لیکن سب سے اہم بات یہ ہے کہ خود انہیں اس کا یقین تھا ۔ ان کے کوچ کو یقین تھا اور ان کی ٹیم کو یقین تھا ۔ راڈرگیوز کے تعل سے کہا جاتا ہے کہ انہوں نے گذشتہ سال کے وسط میں لی نا کو سبکدوشی اختیار کرنے سے روک دیا تھا ۔ اس وقت میڈیا ان پر تنقیدیں کر رہا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ ابتداء میں انہیں راڈرگیوز کے انداز میں ٹریننگ کرنے میں بہت مشکلات پیش آئی تھیں لیکن انہیں اپنے کوچ کے فیصلے پر کوئی افسوس نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کے ساتھ کوچنگ کے آغاز میں انہیں پتہ چل گیا تھا کہ وہ بہت زیادہ مشقت نہیں کرواتے بلکہ بہتر انداز کو ترجیح دیتے ہیں۔ ایسے میں انہیں احساس ہوا کہ انہیں ایسے ہی کوچ کی ضرورت ہے ۔ وہ ہر روز ان سے کہتے کہ وہ اپنے آپ میں اعتماد پیدا کریں تاہم وہ مجھے غلطیوں پر ٹوک بھی دیتے ہیں ۔