’’سوچ‘‘ کا کردار کتنا اہم ہے اس کی مثالیں ڈھونڈنے کوئی نکلے تو معمولی سی محنت سے ہی ہزاروں نتائج سامنے آ جائیں۔ کیا ہے آخر یہ سوچ اور کیوں ضروری ہے؟ یہی وہ سوال ہے جس کے جواب میں ’’کامیابی‘‘ چھپی ہے۔ سوچ انسانی ذہن پر بہت اثر ڈالتی ہے۔ جو آپ سوچتے ہیں’’میں یہ ہوں‘‘ وہی آپ ہوتے ہیں۔ زندگی کا ہر منظر ’’سوچ‘‘ سے ہی جنم لیتا ہے۔ سوچ کی مختلف اقسام ہیں جیسے مثبت سوچ‘ منفی سوچ‘ اچھی سوچ‘ بری سوچ‘ بے غرض سوچ یا مطلبی سوچ اور کامیابی یا ناکامی انہی سوچوں کا نتیجہ ہیں۔ اچھی‘ مثبت اور بے غرض سوچ کامیابی کی طرف اور بری‘ منفی اور مطلبی سوچ ناکامی کی طرف لے جاتی ہے۔آپ کسی چیز سے محبت کرتے ہیں‘ نفرت یا کسی چیز کو اپناتے یا ٹھکراتے ہیں یہ سب سوچ ہی تو ہے۔ سوچ ایک انسان کے ذہن میں ابھرتی ہے اور بدلتی بھی رہتی ہے۔ پہلی بار میں ابھرنے والی سوچ کبھی کبھی روح تسلیم نہیں کرتی تو پھر ذہن اس سوچ کو بدلتا ہے۔کئی نئے سانچوں میں ڈھالتا ہے اور پھر جسے روح تسلیم کر لے اس پر اتفاق کر لیتا ہے۔ ’’سوچ‘‘ مقناطیس کی طرح ہے جو اپنے جیسی سوچ کو مائل کرتی ہے۔ پسند‘ پسند کو مائل کرتی ہے اور ناپسند‘ ناپسند کو۔ ’’سوچ‘‘ ذہن میں موجود خیالی تصاویر ہیں۔ ’’سوچ‘‘ ایک مشین کی طرح ہے اور اسے چلانے کیلئے ایک بٹن کی ضرورت ہے اور وہ بٹن’’احساس‘‘ ہے۔
سوچ کیسے کام کرتی ہے؟ہماری کوئی ایسی سوچ جو ہمیں ذرا سا پریشان کر دے ہم اس پر سوچنا ہی چھوڑ دیتے ہیں۔ ہم ایسا کیوں نہیں کرتے کہ اپنی پریشانی کو اپنی سوچ اور باقاعدہ ترکیب بنا لیں اور اسی کو ہتھیار بنا کر آگے بڑھیں اور مثبت نتائج لوٹ لیں۔ اپنی منفی سوچ کو اپنے اوپر حاوی نہ ہونے دیں اور مثبت سوچ کو خود حاوی کر لیں۔ کامیابی پر صرف آپ کا حق ہو گا۔ ہر منفی سوچ میں سے کوئی نہ کوئی مثبت نقطہ ضرور نکلتا ہے۔ بس مثبت سوچنے کی کوشش کریں، مشاہدہ کرنا سیکھیں۔ جب آپ دوسروں کی حرکات کا مشاہدہ کریں گے تو
ایک اچھی سوچ کو جنم دیں گے اور ان دوسروں سے بہتر کچھ کر کے دکھائیں گے۔اس کے ساتھ اپنی سوچوں کو منظم کریں۔ جب آپ کی سوچیں منظم ہوںگی تو آپ کے اعمال بھی اسی طرح منظم ہوںگے۔ بعض اوقات دوسروں کی ادھوری سوچ آپ کی سوچ کا مرکز بن جاتی ہے اور پھر آپ کا ذہن اسے مکمل کرتا ہے۔ وہی ادھوری سوچ اس انسان کے کام تو شاید نہ آ سکی ہو لیکن آپ کے لئے ضرور کار آمد ہو سکتی ہے اگر آپ اس میں اپنی مثبت اور پراحساس سوچ کو شامل کر دیں۔ صحیح سوچ کا انتخاب کریں۔ خود کوغلط سوچ کی طرف مائل نہ ہونے دیں۔ مثبت سوچ مثبت نتائج کی عکاسی کرتی ہے۔
صحیح سوچ ہے کیا؟ وہ سوچ جو آپ کویا آپ سے جڑے لوگوں کو خوشی یا فائدہ دے۔ وہ سوچ جو آپ کو یا آپ سے جڑے لوگوں کو پریشانی دے اور نقصان دے تو وہ یقینا منفی یا غلط سوچ ہے۔