نئی دہلی۔26 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کا227 رکنی دستہ آسٹریلیا کے گولڈ کوسٹ میں 4 تا15 اپریل تک منعقد ہونے والے دولت مشترکہ کھیلوں میں اترے گا۔ہندستانی اولمپک اسوسی ایشن (آئی اواے ) کے صدر ڈاکٹر نریندر دھرو بترا نے مرکزی وزیرکھیل راجیہ وردھن سنگھ راٹھور اورکھلاڑیوںکی موجودگی میں یہاں ایک پروگرام میں یہ اعلان کیا۔اس پروگرام میں ریمنڈ کو ہندوستانی ٹیم کا سرکاری اسٹائل پارٹنر اور شیو نریش اسپورٹس کو سرکاری کٹ پارٹنر قرار دیا گیا۔اس موقع پر راٹھور اور بترا نے ہندوستانی ٹیم کے افتتاحی اور اختتامی تقریب کی ڈریس اور کھیلنے کی کٹ کا اجرا کیا۔بترا نے کہاکہ ہندستان کا227 رکنی دستہ گولڈ کوسٹ میں ہونے والے دولت مشترکہ کھیلوں میں اترے گا۔اس دستے میں123 مرد اور104 خواتین کھلاڑی شامل ہیں ۔یہ دولت مشترکہ کھیلوں کی تاریخ میں ہندستان کا دوسرا سب سے بڑا دستہ ہو گا ۔ہندستانی ٹیم میں ایتھلیٹکس میں سب سے زیادہ37 اورہاکی میں 36 کھلاڑی ہوں گے ۔آئی اواے صدر نے کہاکہ2014 میں گزشتہ گلاسگو دولت مشترکہ کھیلوں میں ہم نے 64 میڈل جیتے لیکن اس مرتبہ پوری امید ہے کہ گولڈ کوسٹ میں میڈل کی تعداد گلاسگو سے زیادہ ہو گی۔بترا نے کہا کہ آئی او اے نے دولت مشترکہ کھیلوں، اسی سال ہونے والے ایشیائی کھیلوں اور2020 کے اولمپک کھیلوں کے لئے ایڈیلویس گروپ کے ساتھ طویل مدتی معاہدہ کیا ہے ۔اس معاہدہ کے تحت ایڈیلویس ٹوکیو لائف انشورنس دولت مشترکہ کھیلوں میں شرکت کرنے والے ہر ہندوستانی کھلاڑی کو فی کس50 لاکھ روپے کا انشورنس دے گا۔ایڈیلویس نے 2016 میں ریو اولمپکس میں ہندوستانی کھلاڑیوں کو ایک کروڑ روپے کا انشورنس دیا تھا۔انہوں نے ساتھ ہی کہا کہ ہندستانی لان بال ٹیم گولڈ کوسٹ میں پہلے سے ہی تربیت کر رہی ہے اور دیگر ہندستانی ٹیمیں مارچ کے آخر میں گولڈ کوسٹ کے لئے روانہ ہو جائیں گی۔گولڈ کوسٹ میں اسپورٹس ولیج کھلاڑیوں کے لئے 27 مارچ کو کھول دیا جائے گا۔پروگرام میں بیڈمنٹن اسٹار ایچ ایس پرنئے ، ہاکی کپتان من پریت سنگھ اور رانی رامپال، ڈریگ فلکر روپندرپال سنگھ، خواتین گول کیپر سویتا پونیا،شوٹر جیتو رائے ، منو بھاکر، انوراج سنگھ اور انیش بھنوالا اورا سٹار جمناسٹ دیپا کرماکر، پریت داس ، محمد بابی اور گورو کمار موجود تھے ۔ان تمام کھلاڑیوں کو کٹ فراہم کی گئی ۔ اگرچہ دیپا اپنے زخم سے صحت یاب نہیں ہوئی ہیں جس کی وجہ سے ان کھیلوں میں حصہ نہیں لے پائیں گی۔آئی اواے صدر نے کہاکہ دولت مشترکہ کھیلوں میں ہندوستانی کارکردگی سے آئندہ ایشیائی کھیلوں، اولمپکس کوالیفائرس اور ٹوکیو اولمپکس کے لئے سمت طے ہوگی۔یہ بہت ضروری ہے کہ نجی شعبے ہندوستانی کھیلوں کی حوصلہ افزائی کرنے کے لئے آگے آئیں۔مجھے یقین ہے کہ اس شراکت سے 2020 کے اولمپکس کے لئے ہندستانی کھلاڑیوں کی تیاری کو تقویت ملے گی اور ہم اچھے نتائج دے پائیں گے ۔وزیر کھیل راٹھور نے ہندوستانی کھلاڑیوں کو دولت مشترکہ کھیلوں کے لئے اپنی نیک خواہشات دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ گزشتہ دولت مشترکہ کھیلوں کے مقابلے اس بار بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے ۔