حیدرآباد۔19 نومبر (سیاست ڈاٹ کام )کامن ویلتھ کراٹے چمپئین شپ کے 9 ایڈیشن کا انعقاد جنوبی افریقہ کے شہر ڈربن میں ہورہاہے اور یہ ٹورنمنٹ جس کو چمپیئن شپ 2018 کہا جارہاہے 29 نومبر تا 2 ڈسمبر منعقد ہورہی ہے جس میں ریاست تلنگانہ کی نمائندگی حیدرآباد گولڈن گرل کے نام سے مشہور سیدہ فلک کررہی ہیں۔ اولیو کنوینشن سنٹر ڈربن میں ہونے والے مقابلوں کے ضمن میں میڈیا نمائندوں سے اظہار خیال کرتے ہوئے سیدہ فلک نے کہا ان مقابلوں کے لئے وہ مکمل طور پر تیار ہیں اورگولڈ میڈل کے حصول کے لئے پرعزم ہیں۔انہوں نے مزید کہا وہ ان مقابلوں میں ریاست اور ملک کا نام روشن کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گی کیونکہ کامن ویلتھ کراٹے چمپئین کیلئے انہوں نے پوری تیاری کی ہے جبکہ حالیہ دنوں میں ایران کے دارالحکومت تہران میں ہوئی انکی بین الاقوامی ٹرینگ سے بھی حوصلے بلند ہوئے ہیں۔یاد رہے کہ گزشتہ ماہ ہندوستانی کراٹیکاز کی ٹریننگ کیمپ تہران میں منعقدہ ہوا تھا جہاں ہندوستانی اتھلیٹس نے ایرانی کوچ اور دیگر عملہ سے ٹریننگ اور فٹنس پر کام کیا تھا۔ جنوبی افریقہ کی اس چمپیئن شپ میں شرکت کے لئے فلک 26 نومبر کو ڈربن روانہ ہوں گی۔