کراچی ۔5 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام )پاکستانی ٹیم کی نمائندگی سے محروم وکٹ کیپر کامران اکمل کی شاندار کارکردگی اور ریکارڈز بنانے کا سلسلہ جاری ہے اور اب انہوں نے ایک ایسا ریکارڈ قائم کردیا جو آج تک کوئی ایشیائی کھلاڑی نہ بنا سکا۔کامران 800 فرسٹ کلاس کیچز لینے والے پاکستان اور ایشیا کے پہلے کھلاڑی بن گئے۔ماضی میں وکٹ کیپنگ کی ناقص کارکردگی کے سبب عوام میں غیرمقبول 35 سالہ وکٹ کیپر اپنی شاندار کارکردگی عوام کی رائے بدلنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔قائد اعظم ٹرافی میں اسٹیٹ بینک گراؤنڈ میں واپڈا اور خان ریسرچ لیبارٹریز کے درمیان کھیلے گئے سوپر ایٹ کے میچ میں کامران اکمل نے 800 فرسٹ کلاس کیچوں کا سنگ میل عبور کیا۔انہوں نے پہلی اننگز میں پانچ اور دوسری اننگز میں دو وکٹ سمیت مجموعی طور پر میچ میں سات کیچ لیے۔800 فرسٹ کلاس کیچ لینے والے کھلاڑیوں میں 31 کا تعلق انگلینڈ سے ہے جبکہ اس کے علاوہ روڈنی مارش اور کامران اکمل کو یہ اعزاز حاصل ہے۔ 1997 میں فرسٹ کلاس کیریئر کا آغاز کرنے والے کامران اکمل اب تک 227 میچوں میں 804 کیچ اور 61 اسٹمپ سمیت مجموعی طور پر 865 کھلاڑیوں کا وکٹوں کے پیچھے آؤٹ کر چکے ہیں۔فرسٹ میچوں میں سب سے زیادہ کیچ اور مجموعی شکار کا ریکارڈ انگلینڈ کے وکٹ کیپر باب ٹیلر کے پاس ہے جنہوں نے 639 فرسٹ کلاس میچوں میں 1473 کیچ سمیت مجموعی طور پر 1649 کھلاڑیوں کا وکٹوں کے پیچھے شکار کیا۔