کامران اکمل کا سلیکٹروں سے جواب طلب

دبئی۔26 فروری (سیاست ڈاٹ کام ) ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کارکردگی کے باوجود پاکستانی سلیکٹرس کی جانب سے نظر انداز کئے جانے والے وکٹ کیپر کامران اکمل نے سلیکشن کمیٹی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ انہیں ٹیم سے باہر کرنے کی وجہ بتائیں۔پاکستان سوپر لیگ میں لاہور قلندرز کے خلاف عمدہ کھیل پیش کر کے پشاور زلمی کو فتح سے ہمکنار کرنے والے تجربہ کار وکٹ کیپر  نے سلیکشن کمیٹی سے سوال کیا ہے کہ ٹیم میں جگہ بنانے کیلئے انہیں مزید کیا کرنا ہو گا۔کامران اکمل نے قائد اعظم ٹرافی کے گزشتہ سیزن میں عمدہ کھیل پیش کیا اور ونڈے ایونٹ میں بھی ان کی کارکردگی نمایاں رہی لیکن اس کے باوجود دورہ آسٹریلیا کیلئے ونڈے سیریز کیلئے انہیں ٹیم کا حصہ نہیں بنایا گیا جس پر انہوں نے افسوس کا اظہار کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ میں ڈومیسٹک سیزن اور پی ایس ایل میں عمدہ کھیل پیش کر رہا ہوں، میں نے کارکردگی سے فٹنس بھی ثابت کردی ہے لیکن اس کے باوجود مجھے ٹیم سے باہر رکھا جا رہا ہے۔35 سالہ تجربہ کھلاڑی نے کہا کہ اب میں وہ وجوہات جاننا چاہتا ہوں جن کی وجہ سے مجھے مسلسل نظرانداز کیا جا رہا ہے، میں جاننا ہے کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کھیل پیش کرنے والا مجھ جیسا کھلاڑی  ٹیم میں کس طرح جگہ بنا سکے گا۔وکٹ کیپر کا ماننا ہے کہ اب بھی ان کی چند سال کی کرکٹ باقی ہے اور وہ ٹیم کیلئے خدمات انجام دے سکتے ہیں۔کامران اکمل نے کہا کہ انہوں نے ابھی بھی امید نہیں چھوڑی لیکن اگر انہیں اچھی کارکردگی کے باوجود دورہ ویسٹ انڈیز کیلئے منتخب نہیں کیا گیا تو وہ سخت فیصلے کرنے پر مجبور ہو جاؤں گا۔