کاماٹی پورہ پولیس کی نمایاں کارکردگی کی ستائش

روڈی شیٹر ایوب خاں کے خلاف مقدمہ کی پختہ تحقیق ، سٹی پولیس کمشنر
حیدرآباد ۔ /8 اگست (سیاست نیوز) شہر کے خطرناک روڈی شیٹر ایوب خان اور اس کی بیوی کو فرضی پاسپورٹ مقدمہ میں 7 سال کی سزاء سنائے جانے پر ڈائرکٹر جنرل پولیس تلنگانہ مسٹر ایم مہندر ریڈی نے کاماٹی پورہ پولیس کی نمایاں کارکردگی پر انہیں نقد رقم کا انعام دیا جبکہ کمشنر پولیس حیدرآباد مسٹر انجنی کمار نے بھی ستائش کی ۔ انسپکٹر پولیس کاماٹی پورہ مسٹر پی سدرشن کو ڈی جی پی مسٹر مہیندر ریڈی نے ان کے دفتر طلب کرکے ایوب خان کو چیف میٹروپولیٹین مجسٹریٹ کی جانب سے فرضی پاسپورٹ مقدمہ میں 7 سال کی سزاء کے فیصلہ کی کاپی کا مشاہدہ کیا اور بعد ازاں انہیں ایک لاکھ روپئے نقد کا انعام دیا ۔ اسی طرح کمشنر پولیس حیدرآباد مسٹر انجنی کمار نے بھی انسپکٹر کاماٹی پورہ اور ان کی ٹیم بشمول کورٹ کانسٹبلس شیوا لنگیا ، بھدری اور کرائم اسٹیشن رائیٹرس ناگیشور راؤ اور راما راجو کو مبارکباد دی اور ان کی نمایاں کارکردگی کی ستائش کی ۔ انجنی کمار نے کاماٹی پورہ پولیس کی جانب سے ایوب خان کو فرضی پاسپورٹ مقدمہ میں سزاء کو یقینی بنانے میں کی گئی ان کی کوششوں کی ستائش کی ۔ واضح رہے کہ کل نامپلی کریمنل کورٹ کے چیف میٹرو پولیٹین نے ایوب خان روڈی شیٹر اور اس کی بیوی حفیظہ بیگم کے علاوہ قاضی سید مقتدر علی قادری اور محمد نصیرالدین کو قصور وار پائے جانے پر سزاء سنائی تھی ۔ ایوب خان اور حفیظہ بیگم کو پولیس نے کل ہی جیل منتقل کردیا تھا جبکہ قاضی اور نائب قاضی سیشن کورٹ سے ضمانت حاصل کرلی تھی ۔