کالج و ہاسٹل انتظامیہ کی ہراسانی پر طالب علم کی خود کشی

حیدرآباد /29 اگست ( سیاست نیوز ) کالج اور ہاسٹل انتظامیہ کی مبینہ ہراسانی اور والدین کے خوف سے دلبرداشتہ ایک طالب علم نے خودکشی کرلی ۔ کوکٹ پلی علاقہ میں یہ واقعہ پیش آیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 17 سالہ ناگا سائی کرن جو بودھن نظام آباد کے ساکن ومشی دھر کا بیٹا تھا ۔ یہاں کوکٹ پلی کے علاقہ پرگتی نگر کے ایک ہاسٹل میں رہتا تھا اور کالج میں انٹرمیڈیٹ کا طالب علم تھا ۔ جس نے پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔ کوکٹ پلی پولیس کے مطابق یہ لڑکا شرارتی تھا اور کالج و ہاسٹل انتظامیہ اس سے پریشان تھے ۔ گذشتہ روز اس کی حرکتوں سے تنگ آکر ہاسٹل انتظامیہ نے اسکے والدین کو اطلاع دی تھی اور اس کے والدین ہاسٹل آنے والے تھے جس سے یہ لڑکا خوف کا شکار ہوگیا اور اس نے خودکشی کرلی ۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔