نئی دہلی ۔ /26 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) کالے دھن کے مسئلہ پر راجیہ سبھا میں آج اپوزیشن پارٹیوں نے حکومت پر شدید تنقید کی اور کہا کہ مودی حکومت نے انتخابی وعوں کو پورا نہیں کیا ہے ۔ کانگریس نے مطالبہ کیا کہ مودی حکومت اپنے جھوٹے وعدوں کو تسلیم کرتے ہوئے عوام سے معافی مانگے یا پھر اپنے انتخابی وعوں کو پورا کریں ۔ کالے دھن مسئلہ پر مباحث کا آغاز کرتے ہوئے کانگریس کے ڈپٹی لیڈر آنند شرما نے کہا کہ جب بی جے پی قائدین اپوزیشن میں تھے تب انہوں نے سارے ملک کو گمراہ کیا تھا کہ کانگریس کالا دھن واپس لانے میں ناکام ہوگئی ہے ۔ اگر بی جے پی کو اقتدار دیا گیا تو وہ کالا دھن واپس لانے کا وعدہ پورا کرے گی ۔ آنند شرما نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی نے بی جے پی کی انتخابی مہم کے دوران عوام سے وعدہ کیا تھا کہ وہ بیرونی بینکوں میںرکھے گئے ہندوستان کی دولت کو واپس لائیں گے ۔ انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ بیرونی کیمپوں میں 85 کروڑ روپئے رکھا گیا ہے آنند شرما نے کہا کہ مودی نے یہ بھی کہا تھا کہ بیرونی بینکوں میں رکھا یا کالا دھن ہندوستان کے 5 مرکزی بجٹ کے مساوی ہے ۔ اگر تمام ہندوستانیوں کے نام بنکوں میں یہ رقم رکھی جائے تو فی کس 15 لاکھ روپئے کی رقم جمع ہوگی ۔ کانگریس لیڈر نے کہا کہ بی جے پی نے اقتدار حاصل کرنے کے بعد کالے دھن پر اپنا موقف تبدیل کردیا ہے ۔