کالا دھن مسئلہ پر 30 ستمبر تک مہلت

غیرملکی اثاثوںکے عدم انکشافات پر سخت اقدامات :محکمہ انکم ٹیکس
نئی دہلی 20 جولائی (سیاست ڈاٹ کام )غیر قانونی غیر ملکی اثاثہ جات کے 30 ستمبر تک عدم انکشاف کی صورت میں قانونی کارروائی کا انتباہ دیتے ہوئے محکمہ انکم ٹیکس نے کہا کہ اپنے بیرون ملک غیر قانونی اثاثہ جات کا 30 ستمبر تک انکشاف کرنے کی صورت میں خاطیوں کو صرف انکشاف کردہ اثاثہ جات کی مالیت کا 120 فیصد بحیثیت ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔ محکمہ نے آج کثیر الاشاعت قومی روزنامہ میں اس سلسلہ میں اشتہار شائع کرتے ہوئے اطلاع دی ہے کہ تعمیل کے ذریعہ بے قصور ثابت ہونے کا ایک اور موقع دیا جارہا ہے ۔ اگر بیرون ملک ایسے اثاثہ جات موجود ہیں جن کا انکشاف نہیں کیا گیا ہے تو 30 ستمبر 2015 کو یا اس سے قبل ان کا انکشاف کردیں ۔ محکمہ نے خبردار کیاہے کہ اگر کوئی شخص ایسے اثاثے جات رکھتا ہوں اور مقررہ مہلت کے اندر اُن کا انکشاف نہ کریں تو اس شخص کو 120 فیصد جرمانہ عائد کیاجائے گا جو ایسے اثاثہ جات کے تخمینہ پر مبنی ہوگا جن کا انکشاف نہ کیاگیا ہو ۔ اس کے علاوہ 10 سال کی سزائے قید با مشقت قانون انسداد رقموں کی غیر قانونی منتقلی کے تحت دی جاسکے گی۔