کالا جادو کے نام دھوکہ، جادوگر گرفتار

حیدرآباد 10 ستمبر (سیاست نیوز) رچہ کنڈہ پولیس کی اسپیشل آپریشن ٹیم نے کالا جادو کے ذریعہ عوام کو دھوکہ دینے والے ایک جادوگر کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے بموجب 26 سالہ جی شیو کمار متوطن ضلع جنگاؤں اکثر ناسک (مہاراشٹرا) جاکر وہاں کے بعض سادھوؤں سے کالا جادو سیکھا کرتا تھا۔ اتنا ہی نہیں اُس نے ایسے جادوگروں سے بھی تربیت حاصل کی تھی جو خطرناک کالاجادو کے ماہر سمجھے جاتے ہیں۔ ذہنی تناؤ اور دیگر مسائل سے دوچار افراد کو پوجا کے ذریعہ راحت پہنچانے کا دعویٰ کرتے ہوئے نقد رقومات حاصل کیا کرتا تھا۔ شیوکمار کشائی گوڑہ، نریڈمیٹ، کوکٹ پلی اور دیگر مقامات پر سنسان مکانات میں پوجا کرتے ہوئے 10 ہزار روپئے حاصل کیا کرتا تھا۔ اسپیشل آپریشن ٹیم کو اِس بات کی اطلاع ملنے پر جواہر نگر علاقہ میں واقع شیوکمار کے ٹھکانے پر دھاوا کیا اور وہاں سے کالا جادو میں استعمال کئے جانے والے اشیاء برآمد کرلیا۔ گرفتار جادوگر کو جواہر نگر پولیس کے حوالے کردیا گیا۔