کالا جادو کے ذریعہ علاج کا جھانسہ

حیدرآباد۔/4جون ، ( سیاست نیوز) ساؤتھ زون پولیس نے کالاجادو کے ذریعہ خواتین کو دھوکہ دینے والے ایک خود ساختہ جادوگر کو گرفتار کرلیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر آف پولیس ساؤتھ زون مسٹر کے بابو راؤ نے بتایا کہ ساؤتھ زون پولیس کالا جادو کے نام پر عوام کو ٹھگنے والوں کے خلاف مسلسل کارروائی جاری رکھے ہوئے ہیں اور ایک تازہ واقعہ میں سید علی چبوترہ کے ساکن سید معراج حسین کو خواتین کو دھوکہ دینے کے الزام میں گرفتارکرلیا۔ انہوں نے بتایا کہ 30سالہ منور النساء بیگم ساکن ہمت پورہ آنند بستی نے شاہ علی بنڈہ پولیس اسٹیشن میں ایک شکایت درج کروائی جس میں بتایا گیا کہ ان کی خرابی صحت کے باعث سید معراج حسین سے علاج کیلئے رجوع ہوئی تھی جس نے کالا جادو کے ذریعہ علاج کرنے کا جھانسہ دیتے ہوئے ان سے 6ہزار روپئے نقد رقم اینٹھ لیا۔ منور النساء نے اپنی شکایت میں بتایا کہ جادو کے نام پر دھوکہ دے کر ان کے پیسے ہڑپ لئے گئے ہیں۔ اسی قسم کی ایک اور شکایت احمدی بیگم ساکن خلوت نے حسینی علم پولیس اسٹیشن میں درج کرائی جس میں سید معراج حسین کے خلاف یہ الزام عائد کیا کہ انہوں نے اپنے 23سالہ بیٹے محمد یوسف کی خرابی صحت کے سبب معراج سے علاج کیلئے رجوع ہوئی تھی جس پر اس نے کالا جادو کے ذریعہ علاج کا دعویٰ کرتے ہوئے 35ہزار روپئے ہڑپ لئے۔ ساؤتھ زون پولیس نے سید معراج حسین کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے اسے حراست میں لے لیا۔ تفتیش کے دوران ملزم نے بتایا کہ وہ معصوم عوام کو جادو کے ذریعہ راحت پہنچانے کا جھانسہ دیتے ہوئے انہیں دھوکہ دے رہا تھا۔ پولیس نے اس دھاوے میں ہلدی کے پیاکٹس، میتھی کے بیج، کم کم، مونگ دال اور دیگر اشیاء برآمد کرلیا۔ مسٹر بابو راؤ نے بتایا کہ جاریہ سال ساؤتھ زون پولیس نے علاقہ شاہ علی بنڈہ، چھتری ناکہ اور سلطان شاہی میں کالا جادو میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے کئی افراد کو گرفتار کیا تھا۔ انہوں نے انتباہ دیا کہ جادو کے ذریعہ عوام کو دھوکہ دینے والے افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

حالت نشہ میں خودکشی
حیدرآباد /4 جون ( سیاست نیوز ) نشہ کی حالت میں دھت ایک شخص نے ایسیڈ کا استعمال کرتے ہوئے خودکشی کرلی ۔ یہ واقعہ جوبلی ہلز پولیس حدود میں پیش آیا ۔ جہاں 50 سالہ شخص ماروتی کی مشتبہ حالت میں موت ہوگئی ۔ ماروتی یوسف گوڑہ علاقہ میں رہتا تھا ۔ 25 مئی کے دن وہ اپنے مکان ہمیشہ کی طرح نشہ کی حالت میں پہونچا اور اس نے حالت نشہ میں ایسیڈ کا استعمال کرلیا جس کے سبب کل رات اس کی علاج کے دوران موت ہوگئی ۔