کاغذ نگر کے متوطن اسمعیل علی خان انجینئر کی محکمہ برقی بہار میں تقرری

کاغذ نگر۔/22مارچ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کاغذ نگر کے متوطن جناب اسمعیل خان انجینئر کا حکومت بہار کے الیکٹریسٹی ریگولیٹری کمیشن کے ممبر کے عہدہ پر تقرر ہوا ۔ موصوف اس سے قبل دہلی کی اڈوائزری پلاننگ کمیشن میں خدمات انجام دے رہے تھے اور 31 جنوری 2014ء کو وظیفہ حسن خدمت پر سبکدوش ہوگئے تھے۔ جناب اسمعیل علی خاں کی بہترین خدمات کے پیش نظر حکومت بہار نے ان کا تقر ر کیا۔ واضح رہے کہ جناب اسمعیل علی خاں مولوی و قاضی بشیر احمد خان مرحوم کے فرزند اور جناب آصف علی خان قاضی کاغذ نگر کے برادر حقیقی ہیں۔ جناب اسمعیل علی حاں 26مارچ کو ریاست بہار کے شہر پٹنہ میں پانچ سالہ میعاد کیلئے اپنے عہدہ کا جائزہ حاصل کریں گے۔1979ء میں انہوں نے بی ای الیکٹریکل میں نمایاں کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز حیدرآباد کی سمنٹ اسبسطاس فکٹری میں ایک انجینئر کی حیثیت سے کیا۔ 1981ء میں سنگارینی کالریز میں ملازم ہوگئے۔1988ء میں پبلک سرویس کمیشن میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے کے بعد مرکزی حکومت کی جانب سے مشنری آف لیبر میں اسٹیٹ ڈائرکٹر فورمین ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ بنگلور میں تقرر عمل میں آیا۔1991ء میں انہیں ڈپٹی اڈوائزر پلاننگ کمیشن ( دہلی ) کے عہدہ پر ترقی دی گئی۔2000ء میں ان کی بہترین خدمات کے سلسلہ میں اڈوائزر پلاننگ کمیشن دہلی کے عہدہ سے نوازا گیا۔ دوران ملازمت انہوں نے انڈونیشیا، افغانستان، ملیشیا، واشنگٹن اور سعودی عرب کا دورہ کیا۔