کاغذ نگر کے شاعر و صحافی رحیم رامیش کو ڈاکٹریٹ کی ڈگری

کاغذ نگر 4 اکٹوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)کاغذ نگر کے ممتاز شاعر و صحافی جناب رحیم رامیش کو یونیورسٹی آف حیدرآباد نے یکم اکٹوبر کو منعقدہ 16 ویں کانوکیشن میں اردو زبان میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری عطا کی ۔ حیدرآباد کے برہما کماری گلوبل پیس آڈیٹوریم گچی باولی میں مسٹر راما کرشنا راما سوامی وائس چانسلر کے ہاتھوں رحیم رامیش کو پی ایچ ڈی کی ڈگری عطا کی گئی ۔ اس موقع پر مسٹر نرسمہن گورنر تلنگانہ و آندھرا پردیش مسٹر ہنومنتھ راو چانسلر اور رام برہمم رجسٹرار موجود تھے ۔ جناب رحیم رامیش نے ڈاکٹر میر محبوب حسین کی نگرانی میں مقالہ لکھا تھا۔ رحیم رامیش کا شمار انڈو پاک کے مشہور بزرگ شاعر حضرت رحمن جامی کے تلامذہ میں ہوتا ہے۔ رحیم رامیش کا ایک شعری مجموعہ کاغذی پیرہن زیور طباعت سے آراتہ ہوچکا ہے جسے آندھرا پردیش ارود اکیڈیمی نے ایوارڈ سے بھی نوازا ۔ موصوف کا دوسرا شعری مجموعہ تغافل زیر اشاعت ہے ۔ رحیم رامیش کو شاعری کے علاوہ میدان صحافت میں کئی انعامات اور توصیف نامے حاصل ہوئے ہیں۔ رحیم رامیش کو شعبہ درس و تدریس سے بھی کافی دلچسپی رہی ہے ۔ وہ مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی اور ڈاکٹر بی آر امبیڈکر یونیورسٹی کے کاغذ نگر کے اسٹڈی سنٹرس میں کونسلرس کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ اس کے علاوہ گورنمنٹ جونیر کالج ، انور اردو ہائی اسکول اور اقبال اردو ہائی اسکول میں بھی انہوں نے تعلیمی خدمات انجام دیں ۔ جناب رحیم رامیش کو ڈاکٹریٹ کی ڈگری ملنے پر جناب رحمن جامی، جناب مقبول حسین ریٹائرڈ میونسپل کمشنر و نائب صدر وقف کمیٹی ضلع عادل آباد ، جناب آصف علی خان قاضی ، جناب امام الحق مستاجر برگ آبنوس کے علاوہ جناب سید علیم الدین ، جناب عبدالوہاب ، جناب محمد عباس جیلانی، مولانا احمد مبین اور جناب محمد خواجہ معین الدین نے مبارکباد دی ۔