کاغذ نگر۔/21مارچ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کاغذ نگر میں ایک سماجی تنظیم جن ہت منچ کا قیام عمل میں آیا جس کے روح رواں کاغذ نگر کی ممتاز شخصیتیں ڈاکٹر سلوٹے اور مسٹر اوم پرکاش تیواری ہیں۔ انہوں نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ کاغذ نگر کو ضلع بنایا جائے کیونکہ کاغذ نگر کے منڈل بجور سے ضلع عادل آباد تقریباً ڈھائی سو کلو میٹر دوری پر ہے۔ اور کاغذ نگر ایسا مقام ہے جہاں تمام ریل گاڑیاں ٹہرتی ہیں اور ایر پورٹ کی بھی سہولت کا غذنگر میں موجود ہے۔ اس کے علاوہ کاغذ نگر میں اراضی کی کوئی کمی نہیں، حکومت کی اراضی پر آفسس کی تعمیر کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت اگر چاہے تو کاغذ نگر کو ضلع بناسکتی ہے۔ مسٹر اوم پرکاش تیواری نے کہا کہ نو تشکیل تلنگانہ میں ریاستی حکومت اضلاع میں اضافہ کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ اس لئے جن ہت منچ کے اراکین چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے پرزور اپیل کرتے ہیں کہ کاغذ نگر کو ہی ضلع بنایا جائے۔ اگر کاغذ نگر کو ضلع نہ بنایا گیا تو کوٹھالہ، بجور اور دہے گاؤں کے افراد کے لئے ضلع عادل آباد بہت دور پڑجائے گا۔ انہیں عادل آباد کے دفتری کام کیلئے ایک دن عادل آبادمیں لاجنگ میں قیام کرنا پڑے گا۔ اور کرایہ کے علاوہ طعام کا خرچ بھی کافی مہنگا پڑجائے گا۔ ان ہی حالات کے پیش نظر کاغذ نگر کو ضلع بنایا جائے تو بہتر رہے گا۔ اس موقع پر جن ہت منچ کے دیگر اراکین موجود تھے۔