کاغذ نگر میں گرمی کی شدت میں اضافہ

دن میں سڑکیں سنسان، 45 ڈگری تک درجہ حرارت

کاغذ نگر 21 مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع کمرم بھیم آصف آباد کے مختلف منڈلوں سے گزشتہ کچھ دنوں سے موسم گرما عروج پر ہے۔ اور خاص طور پر کاغذ نگر ضلع میں کاروبار کے لئے کافی مشہور ہے۔ لوگ دور دراز مقامات سے کاغذ نگر آکر خرید و فروخت کرتے ہیں۔ لیکن گزشتہ کچھ دنوں سے شدید گرمی کی وجہ سے درجہ حرارت میں اضافہ ہوتا جارہا ہے اور مقامی محکمہ موسمیات کے متعلقہ عہدیداروں کے مطابق 45 ڈگری درجہ حرارت ریکارڈ کیا جارہا ہے۔ جس کی وجہ سے صبح سے ہی گرمی میں تیزی آرہی ہے اور صبح 6 بجے کے ساتھ ہی سورج اپنا اثر دکھانا شروع کررہا ہے۔ اور شام 7 بجے تک گرمی کی شدت برقرار رہتی ہے۔ جس کی وجہ سے لوگ اپنے اپنے گھروں میں کولروں کے سامنے رہنا پسند کررہے ہیں اور ٹھنڈے مشروبات کا استعمال کررہے ہیں۔ اور رمضان کے مہینے کی وجہ سے روزہ داروں کا اپنے مکانات سے باہر آنا بھی بند ہوگیا ہے کیوں کہ روزہ دار بعد نماز ظہر اپنے مکانات میں کولروں کے روبرو عصر تک رہنا پسند کررہے ہیں۔ اس طرح سے کاغذ نگر کے مختلف اور اہم چوراہے دوپہر کے اوقات سنسان سڑکیں دکھائی دے رہی ہیں اور سڑکوں پر لوگوں اور موٹر گاڑیوں کو دیکھنے کے لئے کافی وقت انتظار کرنا پڑرہا ہے۔ اگر یہی حال آنے والے دنوں میں رہا تو لوگوں کو اپنے اپنے گھروں میں ہی صبح تا شام رہنا پڑے گا۔ کاغذ نگر میں گرمی میں دن بہ دن اضافہ ہونے پر عوام میں حیرت اور تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔