کاغذ نگر میں محکمہ بلدیہ کا ماہانہ اجلاس

عہدہ داروں کے رویہ کے خلاف کونسلرس کا واک آؤٹ
کاغذ نگر۔ یکم مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کاغذ نگر میں میونسپل کونسل کا ماہانہ اجلاس میونسپل کونسل ہال میں بصدارت شریمتی ودیا وتی میونسپل چیرپرسن منعقد ہوا۔ اجلاس کے آغاز میں شریمتی ودیا وتی نے میونسپل کونسلرس سے تعاون کی اپیل کی اور جناب مصطفی آر آئی نے ایجنڈا پڑھ کر سنایا۔ ایجنڈا کی سماعت کے بعد کونسلرس مسرز عبد الرحیم صابری، وشویشور راؤ، سندم سرینواس، شریمتی جیوتی، شریمتی شراونتا بائی اور سجاتا دیوی نے شکایت کی کہ ایجنڈا کی تیاری کے وقت کونسلرس کو نظرانداز کیا جا رہا ہے اور ایجنڈا کو صیغہ راز میں رکھا جا رہا ہے، جس کی وجہ سے کونسلرس میں تشویش پائی جاتی ہے۔ انھوں نے شریمتی ودیاوتی سے اپیل کی کہ ایجنڈا کی تیاری سے قبل ہر ماہ متعلقہ کونسلرس سے ربط پیدا کیا جائے اور ان کے علم میں لاکر ایجنڈا تیار کیا جائے، جس سے کونسلرس کو اپنے اپنے وارڈس کے مسائل میونسپل کونسل کے اجلاس میں پیش کرنے کا موقع ملے گا۔ واضح رہے کہ اس ماہ کے اجلاس کے دن ہی دن کے گیارہ بجے ایجنڈا کے تعلق سے کونسلرس کو بتایا گیا اور تین بجے اجلاس منعقد کیا گیا۔ اس ضمن میں کونسلرس نے محکمہ بلدیہ کے عہدہ داروں کے خلاف واک آؤٹ کرکے اپنی برہمی کا اظہار کیا۔ دریں اثناء کونسلرس نے شریمتی ودیا وتی سے اپیل کی کہ کونسل کے ماہانہ اجلاس سے تین دن قبل ایجنڈا تمام میونسپل کونسلرس کے حوالے کیا جائے اور ایجنڈا کی تیاری سے قبل کونسلرس کو واقف کرواکر ان کے مسائل کو ایجنڈا میں شامل کیا جائے۔ اس موقع پر مسٹر بی ساجیا ڈپٹی انجینئر میونسئل اور انچارج میونسپل کمشنر بھی موجود تھے۔