کاغذ نگر 20 ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)کاغذ نگر سے تین کلو میٹر دور موضع ایز گاوں میں تالاب کے قریب جھاڑیوں میں ایک نیم برہنہ شخص کو دیکھ کر راہ گیروں نے کوئی توجہ نہیں دی لیکن چند نوجوان مسٹر کنکیا گوڑ ،مسٹر ایل بھومیا مسٹر ملیش اور مسٹر بھیما نے اس معمر شخص کو مشتبہ حالت میںدیکھ کر ہمدردی کی بنیاد پر اس کی مدد کی اسے کپڑے پہنائے وہ بیمار اور کمزور دکھائی دے رہا تھا تو اسے کاغذ نگر کے پرائمری ہیلتھ سنٹر دواخانے میں شریک کروایا اور ان کے رشتہداروں سے ربط پیدا کر کے انہیں اپنے وطن تک پہنچانے میں مدد کر کے انسانیت ہی نہیں بلکہ قومی یکجہتی کا ثبوت دیا ۔ تحقیقات کرنے پر پتہ چلا کہ وہ معمر شخص ضلع محبوب نگر کے گاوں نارائن پیٹ کا رہنے والا ہے جس کا نام علاء الدین ہے اسے گاندھی اسپتال میں اس کے فرزند شریف الدین نے بغرض علاج شریک کروایاتھا لیکن اس کی یادداشت کمزور ہونے کی وجہ سے وہ دواخانے سے واپس وطن لانا بھول گیا اور اس کے رشتہ دار علاء الدین کو ایک ہفتہ سے تلاش کررہے ہیں۔ مذکورہ نوجوانوں نے علاء الدین کے بھائی عبدالغفور کو اطلاع دینے پر وہ بذات خود کاغذ نگر تشریف لائے اور اپنے بھائی کو اپنے ہمراہ لے کر چلے گئے۔ انہو ںنے غیر مسلم نوجوانوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان کے بھائی کی جان بچائی ورنہ وہ سردی میں اکڑ کر وہیں دم توڑ دیتے ۔ واضح رہے کہ خود علاء الدین یہ نہیں جانتے کہ وہ گاندھی ہاسپٹل سے کاغذ نگر کیسے پہنچے ۔